پی ٹی سی ایل نے پاکستان میں ٹیلی نار کے 100 فیصد بزنس کو خرید لیا

پروپاکستانی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد شئیرز خرید لیے ہیں، اور بہت جلد اس خبر کو با ضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔

خیال یہ ہے کہ سٹاک فائلنگ اور دیگر قانونی کاروائیاں پوری ہونے کے بعد دونوں کمپنیاں اس حوالے سے بیان جاری کریں گی۔

 

پی ٹی سی ایل اور نارویجن کمپنی ٹیلی نار کے درمیان کافی عرصہ سے خریداری کا عمل جاری تھا اور اب تمام ریگولیٹری منظوریوں کے بعد، فروخت مکمل ہوچکی ہے۔

اس خریداری کے بارے میں مزید معلومات تو با ضابطہ اعلان کے بعد ہی حاصل ہونگی تاہم ابھی تک یہ یقین کر سکتے ہیں کہ یہ ایک 100 فیصد کی خریداری ہو گی، اورٹیلی نار پاکستان معاہدے کے بعد ایک سے دو سال کے دوران تمام تر کنٹرول پی ٹی سی ایل کے حوالے کر دے گی۔

پی ٹی سی ایل کی اپنی موبائل کمپنی یوفون اور ٹیلی نار کے انضمام کے بعد یہ نئی کمپنی پاکستان میں سب سے بڑے نیٹورک کی حامل ہوگی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ٹی سی ایل کافی عرصہ سے اس تاک میں تھی کہ ٹیلی کام سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کی جائے۔

ٹیلی نار گروپ جو اس وقت یورپ اور ایشیاء کے نو ملکوں میں اپنی سروسز فراہم کر رہا ہے، حال ہی میں تھائی لینڈ میں اپنے کاروبار کو سمیٹ رہا ہے اور تمام تر توجہ یورپی مارکیٹس کی طرف مبذول ہے۔