ویوسونک کی طرف سے پاکستانی مارکیٹ میں گیمنگ کے شوقین افراد کے لیے پیش کیے جانے والا مانیٹر XG2401 اپنی طرز کا ایک منفرد مانیٹر ہے جو مناسب قیمت میں صارفین کو بہترین فیچرز فراہم کرتا ہے۔ 24 انچ ڈسپلے کا حامل یہ مانیٹر نہ صرف دیکھنے میں خوبصورت ہے بلکہ اس کی پرفارمنس بھی انتہائی شاندار ہے۔
اس مانیٹر کے بارے میں کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ گیمنگ کے لیے ہر طرح سے موزوں ہے، لیکن کیا واقعی ایسا ہے — یہ ہم اس ریویو میں دیکھتے ہیں۔
ڈیزائن اور پورٹ لے آوٹ:
ویوسونک XG2401کا ڈیزائن کافی حد تک سادہ سا ہے، تاہم کالے اور لال رنگوں کا امتزاج اسے ایک گیمنگ مانیٹر کی تشبیہ دیتا ہے۔ مانیٹرمیں TN پینل کا استعمال کیا گیا ہے اور اسکے سٹینڈ کو باآسانی اپنی مرضی سے موڑا جا سکتا ہے۔ اسکے اوپر ایک ہک بھی موجود ہے جس پر ہیڈفونز کو لٹکایا جاسکتا ہے اور نیچے دی گئی رنگ میں ہر قسم کی تاروں کو فٹ کیا جاسکتا ہے۔
مانیٹر کو بڑی حد تک موڑا جاسکتا ہے۔ آپ اسے 5ڈگری آگے کی جانب اور 22 ڈگری پچھلی جانب موڑ سکتے ہیں۔ اسی طرح اسے 4.7 انچ تک اوپر یا نیچےبھی کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ اسے 90 ڈگری کے زاویہ پر گھمایا بھی جاسکتا ہے۔ اسکا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اگر آپ کو کچھ ایپلی کیشنز کے لیے دو مانیٹر چاہیے ہوں تو انہیں باآسانی جوڑا جاسکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے اس مانیٹر کو سٹینڈ کے بغیر دیوار پر بھی لٹکایا جاسکتا ہے۔
XG2401 میں کمپیوٹر یا گیمنگ کنزول کے لیے بہت سے کنکشنز اور پورٹس فراہم کی گئی ہیں، جن میں 2 HDMI اور FreeSync ڈسپلے پورٹ سب سے نمایاں ہیں۔ اسکے ساتھ اس میں دو USB 3.0 ایک USB 2.0 اور 3.5 ملی میٹر کا ہیڈ فون جیک شامل ہیں۔ ڈسپلے میں سپیکرز کو بھی شامل کیا گیا ہے اور انکی آواز کافی اونچی ہے، آپ کو الگ سے سپیکرز کی ضرورت شاید نہ ہی ہو۔
ڈیزائن کے ساتھ ساتھ مانیٹر کا یوزر انٹرفیس بھی کافی آسان اور سادہ سا ہے۔ جہاں آپ ویڈیو اور آڈیو سے متعلق بہت سی آپشنز کو باآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔
ڈسپلے اور گیمنگ پرفارمنس:
ویوسونک XG 2401 کی سب سے خاص بات اس کی 24 انچ کی 1080p سکرین ہے جس میں 144Hz کا ریفریش ریٹ فراہم کیا جارہا ہے اور اسی کے ساتھ ساتھ اس میں AMD FreeSyncٹیکنالوجی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس مانیٹر میں دو طرح کے ڈسپلے موڈز کو شامل کیا گیا ہے جس میں FPS1 سکرین پر رنگوں کو تھوڑاسا کم کردیتا ہے تاکہ آنکھوں پر زیادہ زور نہ پڑے ، جبکہ FPS2 موڈ میں ہائی کنٹراسٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اسی طرح سکرین معیار کے لحاظ سے 350cd/m2 روشن ہے اور اسکی برائٹنس کم وبیش 355 نٹس ہے جو کہ اس قیمت کے کسی بھی مانیٹر سے کافی زیادہ ہے۔ سکرین پر رنگوں کا امتزاج گیمز کے لیے تو انتہائی موزوں ہے لیکن شاید دیگر اپیلی کیشنز جیسے فوٹوایڈیٹنگ میں رنگ اتنے واضح نہ ہوں۔
گیمز کی پرفارمنس پر بات کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ اسکی فلکر فری ٹیکنالوجی اور بلیو لائٹ فلٹر کے بارے میں بتادیا جائے۔ فلکر فری ٹیکنالوجی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ گیمز کھیلتے ہوئے جب تیزی سے فریم تبدیل ہوں تو ان میں کسی بھی قسم کا فلکر نہ ہواور آنکھوں پر بوجھ نہ پڑے۔ اسی کے ساتھ بلیو لائٹ فلٹرسکرین کی روشنی کو آنکھوں کے موزوں بناتی ہے تاکہ گھنٹوں گیمز کھیلنے کے بعد آنکھیں درد نہ کریں۔
اگر اس مانیٹرکے سب سے اہم فیچر کی بات کی جائے تو وہ ہے AMD Freesync، یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو گیمزمیں کسی بھی قسم کی Image Tearing اور Ghosting کو سرے سے ہی ختم کردیتی ہے۔ کیونکہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے گرافکس کارڈ اور مانیٹر کے فریم ریٹ کو synchronize کر دیا جاتا ہے اور 144GHz کے ریفریش ریٹ کے ساتھ گیم کھیل سکتے ہیں۔
ان بہترین خصوصیات کی بناء پر چاہے آپ اس مانیٹر کے ساتھ PUBG جیسی گیم کھیلیں یا پھر DOTA2 ، نہ صرف گیم ایکسپیریئنس بلکہ رنگوں کابہترین امتزاج ان گیمز میں ایک نئی جان ڈال دیتا ہے۔ گیم کھیلتے ہوئے سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ آپ سکرین پر چھپے دشمنوں کو دیکھ سکیں اور یہ مانیٹر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اپنے بہترین ریفریش ریٹ کی بدولت آپ کی نظروں سے کوئی بھی چیز اوجھل نہ رہے۔
کیا یہ مانیٹر گیمرز کے لیے موزوں ہے؟
عام طور پر خیال یہی کیا جاتا ہے کہ گیمنگ کے لیے مارکیٹ میں دستیاب مانیٹرز کافی مہنگے ہیں اور جہاں بہت سے گیمرز QHD ریزولیوشن کے لیے دیوانے ہوئے جاتے ہیں وہیں یہ مانیٹر اپنے بہترین ریفریش ریٹ کی بدولت ان تمام گیمرز کے لیے موزوں ترین ہے جو کم بجٹ میں ایک اچھی سکرین کی تلاش میں ہیں۔ اس کا رسپانس ٹائم بہت ہی بہترین ہے، اس میں FPS, MOBA, اور RTS موڈز کے ساتھ ہی ساتھ AMD FreeSync ٹیکنالوجی کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو بہترین گیمنگ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ مانیٹر دیکھنے میں تو کافی سادھ ہے تاہم اسکا سٹینڈ کافی اچھا ہے اور اسے کافی حد تک موڑا بھی جاسکتا ہے۔
لہذا اگر آپ کم بجٹ میں ایک اچھا مانیٹر خریدنا چاہ رہے ہیں تو اس وقت Viewsonic XG2401 سے بہتر کوئی بھی سکرین دستیاب نہیں جس میں اتنے ڈھیر سارے فیچرز فراہم کیے گئے ہوں۔
قیمت اور دستیابی:
پاکستان میں یہ مانیٹر اس وقت شنگ ڈسٹریبیوشن سسٹمز کے تحت 43،500 روپے میں دستیاب ہے اور اسکے ساتھ کمپنی کی جانب سے 3 سال کی وارنٹی بھی فراہم کی جارہی ہے۔ آپ اس مانیٹر کو نہ صرف قریبی کمپیوٹر مارکیٹ بلکہ کسی بھی بڑے آن لائن سٹور سے خرید سکتے ہیں۔ اس مانیٹر کی مزید معلومات کے لیے آپ یہ لنک دیکھ سکتے ہیں۔
آپ کو یہ مانیٹر کیسا لگا اور اگر آپ اس کے بارے میں مزید کچھ جاننا چاہیں تو تبصرہ ضرور کیجئے گا۔