2014 میں جب اوپو نے پاکستان میں اپنے سمارٹ فونز کی فروخت کا آغاز کیا تو اسکے سب سے زیادہ بکنے والے فونز میں Find 7 اور Find 7a نمایاں تھے۔
اوپو کی فائینڈ سیریز دراصل ون پلس فونز سے موافقت رکھتی تھی، جس میں بہترین ہارڈوئیر کا استعمال کیا گیا لیکن ان کی قیمت کافی مناسب رکھی جاتی تھی۔ فائینڈ سیریز کو اوپو کی فلیگ شپ سیریز بھی کہاجاتا تھا۔
2014 کے بعد اوپو نے فائینڈ سیریز کا کوئی نیا فون متعارف نہیں کروایا اور انٹرنیٹ محض فائینڈ 9 اور بعد ازاں فائینڈ 11 کی افواہوں سے ہی دل بہلاتا رہا۔
جلد آرہا ہے فائینڈ ایکس:
تاہم اب اوپو کی چینی ملازمین کی جانب سے اس بات کی توثیق کردی گئی ہے کہ فائینڈ سیریز کا نیا فون Find X بہت جلد مارکیٹ میں لانچ کردیا جائے گا۔
فون کے نام کے حوالے سے خیال کیا جارہا ہے کہ یہ کافی حد تک آئی فون ایکس سے مماثلت رکھتا ہوگا۔ لیکن ایسا بھی ممکن ہے کہ اوپو اس بار ویوو اور شاؤمی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک حقیقی فل سکرین فون متعارف کروائے۔
چونکہ اب فون کی سکرین کے اندر فنگر پرنٹ کی سہولت بھی آنے لگی ہے، لہذا قیاس یہی ہے کہ فائینڈ ایکس میں بھی سکرین کے نیچے ہی فنگرپرنٹ سکینر نصب ہوگا اور اس میں شاید اوپو کا Periscope کیمرہ بھی استعمال کیا جائے۔
چینی ذراع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ فون اس ماہ کے اختتام تک چین کے شہر بیجنگ میں لانچ کردیا جائے گا۔ تاہم اسکے مکمل فیچرز اور قیمت کے بارے میں ابھی کچھ قیاس کرنا درست نہ ہوگا۔