گائے بھینسوں کے لیے بھی فٹنس ٹریکر تیار

فٹنس ٹریکرز کے بارے میں تو آپ سبھی جانتے ہونگے ، دور جدید کی یہ ایجاد جسے آپ ایک بینڈ یا گھڑی کی صورت میں اپنی کلائی پر پہنتے ہیں آپکو دل کی دھڑکن سے لے کر رات کی نیند کا تمام ڈیٹا فراہم کرتی ہے جس کی مدد سے آپ اپنی روٹین میں تبدیلی لا کر صحت مند زندگی گذار سکتے ہیں۔

تو لیجئے جناب ایک پاکستانی کمپنی کو انوکھا خیال سوجھا ور انہوں نے گائے بھینسوں کے لیے بھی فٹنس ٹریکر بنا ڈالا۔ کاؤلر (Cowlar) نامی اس ڈیوائس کو گائے کے گلے میں باندھ دیجئے اور یہ مویشی مالکان کو گائے کی تمام حرکات کی مکمل رپورٹ بذریعہ ایس ایم ایس فراہم کرے گی ۔

cowlarpk

یہ ڈیوائس (Motion Sensors) کا استعمال کرتے ہوئے گائے کی حرکات و سکنات ، جسم کے درجہ حرارت وغیرہ کی معلومات اکٹھی کرتی ہے اور ان میں کسی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں مالک کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کردیا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف واٹر پروف ہے بلکہ سولر پاور بیس کی مدد سے اسکی ٹریکنگ کی حد 4 کلومیٹر تک موثر ہے۔

کاؤلر کی مدد سے دودھ کی پیداوار میں اضافہ

کاؤلر ڈیوائس بنانے والی کمپنی کا دعوی ہے کہ اس ڈیوائس اور ڈیٹا کا مثبت استعمال کرتے ہوئے مویشی مالکان دودھ کی پیداوار میں 15 فیصد تک اضافہ کر سکتے ہیں اور ہر گائے سے ماہانہ 50 ہزار روپے تک آمدن کی توقع کی جاسکتی ہے اور کسی بھی بیماری وغیرہ کے بارے میں بھی جلد معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔

کاؤلر ایس ایم ایس کے علاوہ ویب انٹرفیس بھی فراہم کرتی ہے جسکی بدولت مویشی مالکان اپنے ریوڑ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرسکتے ہیں اور انہیں اس بات کا ڈر بھی نہیں رہے کہ انکے جانور فارم سے باہر نہ نکل جائیں کیونکہ وہ انکی تمام حرکات نوٹ کر سکتے ہیں۔

cowler-work

حال ہی میں منعقد ہونے والے پاکستان سٹارٹ اپ کپ میں کاؤلر نے 10 لاکھ روپے کا انعام جیتا ہے، کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق وہ یہ رقم اسلام آباد کے قریب ماڈل کاؤلر ولیج بنانے میں خرچ کریں گے۔ تاکہ صارفین یہ ڈیوائس خریدنے سے پہلے اسکا عملی تجربہ بھی دیکھ سکیں۔

یہ ڈیوائس ابھی پری آرڈر مرحلہ میں ہے اور بہت جلد اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا، اس حوالے سے مزید معلومات جاننے کے لیے کاؤلر کی ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے۔