کوئی بھی نیا سمارٹ فون خریدیں تو اسکے ہارڈوئیر کی کارکردگی جانچنے کے لیے دو بہترین ٹولز ، انٹوٹو (Antutu) اور گیک پنچ (Geekbench) ہیں۔ انٹوٹو کی ایپلی کیشن کو تو اکثر اپڈیٹ کیا جاتا رہتا ہے تاہم بہت عرصے سے گیک بینچ کا ورژن 3 ہی چلا آرہا تھا۔
تاہم اب کئی سالوں بعد گیک بینچ ڈیویلپرز کو کچھ خیال آہی گیا ہے اور اس ایپلی کیشن کا نیا ورژن (Geekbench 4) جاری کردیا گیا ہے جوکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے ہی دستیاب ہے۔
گیک بینچ اب پہلے سے بہتر
اس نئے ورژن میں جہاں ڈیزائن کو اپڈیٹ کیا گیا ہے وہیں ، موبائل سی پی یو اور گرافکس کی کارکردگی جانچنے کے لیے نئے ٹیسٹ شامل کیے گئے ہیں، جو کسی بھی موبائل فون کی پرفارمنس کے بارے میں درست معلومات فراہم کریں گے. اسی طرح اس ایپلی کیشن میں آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلیٹ کی کارکردگی کا موازنہ دوسرے موبائل فونز کے ساتھ بھی کر سکتے ہیں۔
اس نئے ورژن میں اب وہ ٹیسٹ شامل کیے گئے ہیں جو پہلے صرف ڈیسکٹاپ پراسیسرز کے لیے مختص تھے۔ ان میں LLVM پراسیسنگ، پی ڈی ایف فائلز کی رینڈرنگ اور ایچ ٹی ایم ایل 5 کے ٹیسٹ بھی شامل ہیں۔ اسی طرح گرافکس پراسیسنگ یونٹ کی کارکردگی کو مکمل طور پر جانچنے کے لیے ہسٹوگرام، بلر اور RAW پراسیسنگ جیسے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
فی الوقت یہ ایپلی کیشن اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر مفت دستیاب ہے، تاہم کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جلد آئی او ایس پر اسکی قیمت مقرر کردی جائے گی، لہذا جلد از جلد اسے ڈاؤنلوڈ کرلیں۔