پاکستانی طلبہ نے حال ہی میں منعقد ہونے والی مائیکروسافٹ آفس ورلڈ چیمپیئن شپ میں کانسی کے دو تمغے حاصل کیے ہیں۔
ہر سال مائیکروسافٹ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس مقابلے میں دنیا بھر سے طلبہ مائیکروسافٹ آفس، یعنی ورڈ ایکسل اور پاور پوائینٹ میں اپنی مہارت کے جوہر دکھاتے ہیں۔
پاکستانی طلبہ شاہ زیب اسحاق اور وقاص علی نے اس سال مقابلے میں کانسی کے تمغے اور ہزاروں امریکی ڈالر بطور انعام حاصل کیے۔ اس کے علاوہ تین مزید پاکستانی طالب علم پہلی دس پوزیشنز پر رہے۔
مقابلے میں شرکت کے لیے خاص تیاری کی جاتی ہے
اس مقابلے میں شرکت کے لیے پاکستان کے کونے کونے سے ہزاروں طلبہ ہر سال تیاری کرتے ہیں اور مائیکروسافٹ آفس سپیشلسٹ سرٹیفیکیشن کا ٹیسٹ دیا جاتا ہے۔
اس سال اسلام آباد میں ہونے والی قومی چیمپئن شپ کے لیے 118 طلبہ کو تیار کیا گیا اور ان میں سے 6 بہترین طلبہ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے اس مقابلے میں بھیجا گیا۔
اگر آپ بھی مائیکروسافٹ آفس کی اس سرٹفیکیشن کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مزید معلومات کے لیے یہ لنک ملاحظہ کیجئے۔