مائیکروسافٹ ونڈوز 9 کا پری ویو اگلے ماہ پیش کیا جائے گا

مختلف افواہوں اور اطلاعات کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز 9 کا پری ویو اگلے ماہ ہونے والی ایک تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا۔ جی ہاں یہ والی ونڈوز 9 مائیکروسافٹ کی جانب سے تیار کی گئی ہے نہ کہ اوکاڑہ کے عمار افضل کی طرف سے۔

خیر مذاق ایک طرف تاہم وہ تمام فیچرز جو ونڈوز 8.1 کے اپڈیٹ میں آنا تھے اب انہیں اس نئی ونڈوز میں شامل کیا گیا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ ونڈوز 8 کے بعد مائیکروسافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اب کمپنی ہر سال نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کروایا کرئے گی، ایسی صورت میں ونڈوز 9 کے بارے میں خبریں موصول ہونا کوئی انہونی بات نہیں، تاہم کیا اسے ونڈوز 9 کے نام سے پکارا جائے گا؟ یا اسکا کوئی اور نام ہوگا یہ بات ابھی واضح نہیں ہوئی۔

windows
مشہور آن لائن جریدے The Verge کے مطابق اس نئی ونڈوز کا کوڈ نام Threshold ہے اور اس میں نہ صرف سٹارٹ مینو کو شامل کیا گیا ہے بلکہ ونڈوز کے میٹرو (ماڈرن) انٹرفیس میں بھی بہت حد تک تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایک بڑی تبدیلی کے طور پر Charms bar کو بھی ختم کردیا گیا ہے اور اسکی جگہ ایک بار پھر ونڈوز کے روایتی مینوز نے لے لی۔

امید کی جارہی ہے کہ ونڈوز پرسنل اسسٹنٹ Cortana کو بھی اس ورژن میں شامل کیا جائے گا، تاہم شاید یہ ایپلی کیشن ابھی اتنی موثر ثابت نہ ہو، جیسی ونڈوز فون پر ہے۔

ذراع کے مطابق مائیکروسافٹ 30 ستمبر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ نئی ونڈوز متعارف کروائے گی، تاہم اسے لانچ اگلے چھے ماہ یا ایک سال کے اندر کیا جائے گا۔ اس پری ویو کا اصل مقصد ڈیویلپرز کو ونڈوز کے نئے ورژن کے بارے میں اگاہی دینا ہے۔