گیجٹس کی خبریں لیک کرنے والے evleaks نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

گیجٹس کے حوالے سے پیش گوئیاں اور انٹرنیٹ لیکس فراہم کرنے والے مشہور ٹوئٹر اکاؤنٹ @evleaks کے بانی و منتظم ایون نیلسن بلاس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ لیکس کا یہ سلسلہ بندکرنے لگے ہیں۔

evleaks_logo-578-80

جو دوست @evleaks کے بارے میں نہیں جانتے انہیں بتاتا چلوں کہ ایون نوکیا، سام سنگ، ایچ ٹی سی اور دیگر بہت سی کمپنوں کے موبائل، ٹیبلٹس اور کمپیوٹرز کے بارے میں بہت سی درست پیش گوئیاں اور پراڈکٹ لانچ سے قبل ہی اسکی تصاویر لیک کرچکے ہیں۔

دو سال کے قلیل عرصہ میں evleaks نے ٹوئٹر پر  بے پناہ مقبولیت حاصل کی، اس وقت ایون کے فالورز کی تعداد کم و بیش 2 لاکھ کے قریب ہے اور دنیا کے تمام ٹیکنالوجی بلاگز میں کم از کم ایک خبر ایسی ضرور ہے جس میں evleaks کا ذکر ہو۔

ایون نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ آمدن کی کمی اور اپنی بیماری کو قرار دیا ہے۔ ایون کے مطابق گذشتہ دو سالوں کے دوران انہوں نے کافی شہرت تو حاصل کی تاہم انہیں دیگر بلاگرز کی طرح لاکھوں کروڑوں روپے کمانے کا موقع نہیں ملا۔ اب انکی کوشش ہے کہ وہ کوئی ایسا کام شروع کریں جس سے وہ اپنا علاج بھی کروا سکیں اور مستقبل میں انہیں کسی سے پیسے مانگنے نہ پڑیں۔