جیسا کہ آپ میں سے بہت سے دوست جانتے ہوں گے کہ مائیکروسافٹ نے 8اپریل 2014 کو ونڈوز ایکس پی کی سپورٹ باضابطہ طور پر ختم کر دی تھی۔ اب مائکروسافٹ کی جانب سے اس آپریٹنگ سسٹم کی کوئی اپ ڈیٹس یا سیکورٹی پیچ فراہم نہیں کیے جائیں گے۔ کمپنی نے ان صارفین کو جو ابھی تک ونڈوز ایکس پی استعمال کر رہے ہی متنباہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد ونڈوز کے کسی نئے ورژن پر منتقل ہوجائیں ورنہ ہیکرز سافٹوئیر کی کسی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا ڈیٹا چوری کر سکتے ہیں۔
مائکرو سافٹ نے گذشتہ ماہ ونڈوز ایکس پی کا آخری اپڈیٹ جاری کیا تھا اور اسکے بعد اب کمپنی کی طرف سے تمام صارفین کو صاف جواب ہے،تاہم اس کے باوجود ابھی بھی لوگوں کی کثیر تعداد ونڈوز ایکس پی کے استعمال پر بضد دکھائی دیتی ہے۔ اور تو اور بڑی بڑی کمپنیاں اور مالیاتی ادارے بھی ابھی تک 13 سال پرانے آپریٹنگ سسٹم سے چمٹے بیٹھے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ونڈوز ایکس پی کا استعمال کنندگان کسی بھی وقت ہیکرز کے لیے تر نوالہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ایسے لوگ جو ونڈوز ایکس پی ہی استعمال کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ آن لائن رقوم کی ادئیگی اور ایسے اکائونٹس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور حتی الامکان نازک ڈیٹا کے لیے ونڈوزایکس پی کے استعمال سے گریز کریں۔ کیونکہ ہیکرز کو اولین کوشش یہی ہوگی کہ کسی طرح وہ آپکے پیسے ہتھیا لیں۔ ہیکرز کے خطرے کے علاوہ یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ دیگر سافٹوئیر بنانے والی کمپنیاں بھی جلد ایکس پی کے لیے سافٹوئیر بنانا بند کردیں گی ۔ یعنی اگر آپ کوئی اینٹی وائرس یا فائروال استعمال کررہے ہیں تو اسکا نیا ورژن آپکے آپریٹنگ سسٹم کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
بعض لوگوں کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا جاتا ہے کہ جناب یہ سب مائیکروسافٹ کا شوشہ ہے اور وہ اپنی نئی ونڈوز بیچنے کے لیے صارفین کو ڈرا رہے ہیں۔ مگر یقین مانیے ایسا ہرگز نہیں ہے ، اگر آپ سیکیورٹی کے حوالے سے تھوڑے محتاط ہیں تو آپکی کوشش یہی ہوگی کہ کسی ایسے بینک یا مالیاتی ادارے میں اکاؤنٹ نہ کھلوائیں جو ابھی بھی ونڈوز ایکس پی ہی استعمال کررہے ہیں۔ اسی طرح صارفین ہوٹلوں یا شاپنگ مالز میں اپنے کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ استعمال کرنے سے بھی کترائیں گے جہاں پرانی ونڈوز کا استعمال کیا جارہا ہو۔ ایسی صورتحال میں اس ادارے کو ہی نقصان ہوگا اور اس میں مائیکروسافٹ کا تو کوئی فائدہ نہیں ہے۔
یہاں یہ بات بھی بتاتا چلوں کہ ضروری نہیں کہ آپ ونڈوز ایکس پی سے منتقل ہوکر ونڈوز 7،8یا 8.1پر ہی جائیں۔ آپ اس کی بجائے اوبنٹو ، لینکس منٹ یا اور بہت سے مفت آپریٹنگ سسٹم استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ بات بھی آپ جانتے ہی ہونگے کہ لینکس صارفین کے لیے ونڈوز کے مقابلے میں ہیکنگ کے خطرات بھی بہت کم ہیں۔
تو جناب اگر آپ ابھی بھی ونڈوز ایکس پی ہی استعمال کررہے ہیں تو تھوڑا وقت نکالیے اور اپنا آپریٹنگ سسٹم اپڈیٹ کرلیجئے۔ کیونکہ اب دنیا بھر کے ہیکرز آپ کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔