پچھلے ماہ ایک فورم پر پی ٹی سی ایل کی ایوو کلاؤڈ سروس کا ایک نیا لوگو دیکھا۔ رومن اردو میں لکھا ہوا یہ Char Ji کچھ عجیب سا لگا۔ پہلے میرے خیال تھا کہ شاید پی ٹی سی ایل بھی تھری و فورجی نیلامی میں حصہ لینے کے بارے میں سنجیدہ تاہم ایسا کچھ نہ ہوا۔
حال ہی میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ چار جی دراصل پی ٹی سی ایل کی نئی وائرلیس براڈبینڈ سروس کا نام ہے، جس کے تحت صارفین کو اب 36 میگابٹ فی سیکنڈ کی رفتار فراہم کی جائے گی۔ جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا 36Mbps، یعنی اب منٹوں کا کام ہوا کرے گا سیکنڈوں میں۔
تفصیلات کے مطابق Char Ji سروس جسے پراجیکٹ ایگل کا نام دیا گیا ہے، گذشتہ چند دنوں سے ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے۔ کمپنی اس سروس کے تحت صارفین کو ایک نئی یو ایس بی ڈیوائس فراہم کرے گی جو زیادہ سے زیادہ 36Mbps ڈاؤنلوڈ اور 7Mbps اپلوڈ کی رفتار فراہم کرے گی۔
اس نئی یو ایس بی کے چارجز تو معلوم نہیں تاہم چار جی سروس کے ماہانہ چارجز کم از کم 3000 روپے مقرر کیے جائیں گے۔ لیکن ٹھہریے ابھی خوشی سے چھلانگیں لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ہمیشہ کی طرح اس سروس پر بھی پی ٹی سی ایل نے ڈاؤنلوڈنگ حد مقرر کی ہے اور وہ ہے صرف 30 گیگا بائیٹ۔ یعنی اس تیز رفتار کے ساتھ آپ یہ حد محض چند گھنٹوں میں عبور کرسکتے ہیں۔
پی ٹی سی ایل کی ایوو چارجی سروس اس ماہ کے اختتام تک پاکستان کے بڑے شہروں میں متعارف کروادی جائے گی۔ اس نئی تیز رفتار سروس کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے تبصرہ ضرور کیجئے گا۔