آپ میں سے جن دوستوں کے گھروں میں چھوٹے بچے موجود ہیں وہ اس بات سے باخوبی آگاہ ہونگے کہ آجکل 2 سے 10 سال کے بچے کھلونوں کی بجائے سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز پر گیمز کھیلنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
ادھر آپ نے جیب سے سمارٹ فون نکالا یا ٹیبلیٹ آن کی اور بچے آپ کی دیوانے ہوجاتے ہیں کہ ہم نے فلاں گیم کھیلنی یا اس پر پیانو بجانا ہے، کوئی اس پر نظم سننے کی فرمائش کر دیتا ہے تو کسی کو ڈرائینگ میں کلر بھرنے ہیں۔ عام طور پر ہم بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے موبائل اور ٹیبلیٹ استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دیتے ہیں تاہم اسکے لیے چند احتیاطوں کی ضرورت ہے۔
آپ کے سمارٹ فون میں بہت سا ڈیٹا موجود ہوتا ہے، جس میں سے اہم آپکے کانٹیک نمبرز، ایس ایم ایس اور تصاویر وغیرہ ہیں، بچے چونکہ اسکا استعمال زیادہ بہتر نہیں جانتے اس لیے ہوسکتا ہے کہ وہ ضروری معلومات ڈیلیٹ کردیں یا غلطی سے کال ملا کر آپ کا موبائل بیلنس ختم کردیں۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ آپ اپنی نگرانی میں بچوں کو موبائل و ٹیبلیٹ پر گیمز کھیلائیں، اگر ایسا ممکن نہیں تو فون میں موجود Parental Controls کا استعمال کریں۔
ایپل آئی او ایس 6 اور اسکے بعد آنے والے تمام ورژنز میں یہ فیچر موجود ہے، جسکی بدولت آپ آپ بچوں کو کالز، ایس ایم ایس، فیس بک اور دیگر ایپلی کیشنز استعمال کرنے سے روک سکتے ہیں۔ اسی طرح اینڈرائیڈ کے جیلی بین اور دیگر نئے ورژنز میں Users کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔ جسکی بدولت آپ کمپیوٹر ہی کی طرح ایک ڈیوائس پر مختلف اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں اور کسی صارف کی رسائی کو محدود کر سکتے ہیں۔ دیگر موبائل فون آپریٹنگ سسٹمز جیسے ونڈوز فون اور بلیک بیری میں بھی ایسے فیچر موجود ہیں۔
اب جبکہ آپ نے ضروری ایپلیکیشنز اور ڈیٹا تک بچوں کی رسائی روک دی تو یہ ضروری ہے کہ ٹیبلیٹ میں وہ گیمز اور ایپلی کیشنز انسٹال کریں جو بچے کی عمر کے حساب سے موزوں ہوں۔ آپ ایپل سٹور اور اینڈرائیڈ پلے سٹور میں وہ ایپلی کیشنز سرچ کریں جو خاص بچوں کے لیے تیار کی گئی ہوں، ماڑ دھاڑ والی گیمز بچوں کو مت کھیلنے دیں۔ مثلاً اگر آپ وہاں Kids games سرچ کریں تو بہت سی آسان اور دلچسپ گیمز مل جائیں گی۔
یہ تو ہوگئی فون میں موجود ڈیٹا کی حفاظت لیکن فون یا ٹیبلیٹ کی حفاظت کے لیے بھی آپ کو کور کا استعمال کرنا چاہیے۔ بچوں کے ہاتھ چھوٹے ہوتے ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ گیم کھیلتے ہوئے موبائل یا ٹیبلیٹ زمین پر گرا بیٹھیں لہذا بازار سے ایک اچھا سا Case خرید چھوڑیں تاکہ آپ کے فون یا ٹیبلیٹ کو زیادہ نقصان نہ پہنچے۔
ان تمام احتیاطی تدابیر کے بعد اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ بچوں کی اچھی نشونما کے لیے ضروری ہے کہ وہ بھاگ دوڑ کریں اور صحت افزاء سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ موبائل یا ٹیبلیٹ کا حد سے زیادہ استعمال انکی نظر اور جسمانی صلاحیتوں کو کمزور کر سکتا ہے۔ بچوں کے لیے ایک ٹائم ٹیبل تیار کریں اور انہیں ایک دن میں آدھ گھنٹے سے زیادہ گیمز مت کھیلنے دیں۔ امید ہے کہ یہ چند ضروری باتیں آپ کے کام آئیں گی۔