تھری جی کے منتظر پاکستانی ٹیلی کام صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اسی سال اپریل کے مہینے میں تیز رفتار موبائل براڈبینڈ حاصل کرسکیں گے۔
پی ٹی اے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے مطابق تھری جی سروس اس سال اپریل کے مہینے تک صارفین کے لیے دستیاب کر دی جائیں گی اوراسی ماہ (فروری) میں آزمائشی سروسز کا آغاز ملک کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ کی جانب سے سفارشات جنوری کے مہینے میں کیبنیٹ ڈویژن کو بھجوائی گئی تھیں اور جیسے ہی وہاں سے منظوری ملے گی آزمائشی سروس شروع کر دی جائے گی، جسکا دورانیہ کم و بیش تین ماہ ہوگا۔
اسی آزمائشی سروس کے دوران مارچ کے مہینے میں تھری جی لائسنس کی نیلامی ہوگی. نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اسے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اس نیلامی میں پاکستانی ٹیلی کام کمپینوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیاں بھی حصہ لیں گی۔
ہماری تو دلی تمنا ہے کہ اس بار یہ نیلامی ہو ہی جائے اور اس میں اب کسی قسم کی تاخیر نہ ہو تاکہ 129 ملین پاکستانی موبائل صارفین بھی جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوسکیں۔ اس حوالے سے کسی بھی نئی خبر سے ہم آپ کو آگاہ رکھیں گے لہذا دوبارہ وزٹ ضرور کیجئے گا۔