آج کل کم و بیش تمام گھروں میں ریموٹ کنٹرول ٹی وی سیٹ، سی ڈی پلئیر، سپلٹ اے سی وغیرہ موجود ہیں۔ عام طور پر انکے ریموٹ کنٹرول میں 2 سیل استعمال ہوتے ہیں۔ اگر اچھی کمپنی کا سیل استعمال نہ کیا جائے تو بہت جلد آپ کو سیل بدلنے کی ضرورت پڑتی ہے (وہ الگ بات ہے کہ سیل کمزور ہونے پر ہم ریموٹ کے بٹن زور سے دبانے لگتے ہیں کہ شاید اسطرح وہ کام کرنے لگ جائیں)۔ تاہم بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ خرابی ریموٹ میں ہوتی ہے سیل میں نہیں۔
تو پھر یہ کیسے پتہ چلے کہ ریموٹ کے سیل کمزور ہیں یا نہیں؟ اسکے لیے آپ انہیں کسی دوسری ڈیوائس میں استعمال کرکے چیک کرسکتے ہیں لیکن ہم آپ کو اس سے بھی آسان طریقہ بتائے دیتے ہیں۔ اپنے موبائل فون کا کیمرہ آن کیجئے اور ریموٹ کا رخ اسکی جانب کر کے بٹن دبائیں۔ آپ اس مقصد کے لیے فرنٹ یا بیک کوئی بھی کیمرہ استعمال کرسکتے ہیں۔
ریموٹ کا بٹن دبانے پر آپ کو اسکے IR Blaster (ایک قسم کا چھوٹا سا بلب ) میں سے روشنی جلتی نظر آئے گی۔ کم و بیش تمام کیمرہ فون اور ڈیجیٹل کیمرے اس روشنی (انفراریڈ شعاعوں) کو دیکھنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ تو اگر آپ کو بٹن دبانے پر کسی قسم کی روشنی دکھائی نہ دے یا پھر وہ بہت ہی مدھم ہو تو جان لیجے کہ سیل اپنی عمر پوری کرچکے ہیں۔
سمارٹ فون کے علاوہ آپ یہ طریقہ اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ویب کیمرہ پر بھی آزما سکتے ہیں اور اگلی بار ریموٹ کنٹرول کے بٹنوں پر زور آزمائی کی بجائے اس طریقہ کی مدد سے وقت پر سیل تبدیل کر لیجئے گا۔