آج کل انٹرنیٹ پر کوئی بھی سروس استعمال کرنے کے لیے اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت پیش آتی ہے، چاہے وہ آپ کا ای میل اکاؤنٹ ہو یا پھر فیس بک اور ٹوئٹر۔ آپ ان سروسز کے استعمال کے لیے ایک صارف نام اور پاسورڈ کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ اسی طرح آپ اپنے کمپیوٹر یا موبائل میں بھی اکثر کوئی پاسورڈ استعمال کرتے ہیں۔
تاہم کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ اتنا مشکل پاسورڈ منتخب کرلیتے ہیں کہ خود ہی اسے بھول جاتے ہیں۔ کئی بار تو ایسا ہوتا ہے کہ آپ نے ریکوری (نیا پاسورڈ منتخب کرنے) کی کوئی آپشن بھی منتخب نہیں کی ہوتی اور نتیجہ کے طور پر آپ اس اکاؤنٹ میں دوبارہ کبھی لاگ ان نہیں ہوپاتے۔
اسی وجہ سے اکثر صارفین آسان پاسورڈ استعمال کرتے ہیں یا پھر تمام اکاؤنٹس پر ایک ہی پاسورڈ لگاتے ہیں۔ جسکی وجہ سے انہیں پاسورڈ تو یاد رہتا ہے تاہم یہ کافی غیر محفوظ طریقہ ہے۔
گوگل کی سیکیورٹی ایکسپرٹ پریسا تبریز، جنہیں سیکیورٹی کی شہزادی بھی کہا جاتاہے نے حال ہی میں بی بی سی کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مستقبل میں پاسورڈز کے خاتمے کی پیش گوئی کی۔
پریسا کا کام گوگل کے مختلف سافٹوئیرز اور سروسز کی سیکیورٹی کو زیادہ سے زیادہ بہتر اور صارفین کے لیے لاگ ان ہونے کے نظام کو مزید آسان بنانا ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پریسا نے کہا کہ مستقبل قریب میں پاسورڈز کی ضرورت ہی نہ رہے گی کیونکہ پاسورڈ کا کام انسانی اعضاء یا پھر کسی بھی شخص کے روز مرہ کے استعمال کی چیزیں جیسے گھڑی، چابی یا انگوٹھی وغیرہ سے لیا جائے گا۔
اس طریقہ کی بدولت صارفین کو مختلف قسم کے پاسورڈز یاد رکھنے سے نجات مل جائے گی اور کسی بھی اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کے لیے صرف انہیں اپنی گھڑی یا انگوٹھی ہی درکار ہوگی۔ یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں کیونکہ لیپ ٹاپس میں فنگر پرنٹ سکینرز تو بہت سالوں سے نصب ہیں اور حال ہی میں ایپل نے آئی فون میں بھی سیکیورٹی کے لیے فنگرپرنٹ سکینر ڈال دیاہے۔ تاہم گھڑی، چابی یا پرس وغیرہ کو بطور پاسورڈ استعمال کرنا ایک الگ معاملہ ہے۔
اگر دیکھا جائے تو یہ طریقہ پاسورڈ یا فنگر پرنٹ سکیننگ کی نسبت زیادہ غیرمحفوظ ہوگا، کسی بھی دوسرے فرد کو آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے صرف آپ کی گھڑی یا انگوٹھی درکار ہوگی۔ اسی طرح اگر آپ سے وہ چیز کھو جائے تو آپ اپنا اکاؤنٹ ہی لاگ ان نہ کر سکیں گے۔
اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پاسورڈز کا دور ختم ہونے کے قریب ہے؟ اپنے تبصرے سے آگاہ ضرور کیجئے گا۔