ٹورنٹ ویب سائیٹ Isohunt عدالتی فیصلہ کے تحت ہمیشہ کے لیے بند، مالک کو 110 ملین امریکی ڈالر جرمانہ

ٹورنٹس کے حوالے سے 10 سال پرانی مشہور ویب سائیٹ Isohunt کو اگلے چند روز میں ہمیشہ کے لیے بند کیا جارہا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ویب سائیٹ کے مالک کینڈین شہری گیری فنگ، موشن پکچر ایسوسی ایشن کے خلاف 7 سال تک جاری رہنے والا مقدمہ ہار گئے ہیں۔ اب عدالتی حکم کے تحت انہیں 7 دن کے اندر ویب سائیٹ کو ہمیشہ کے لیے بند کرنا ہوگا اور اسکے ساتھ 110 ملین امریکی ڈالر کی رقم بطور جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگی۔

isohunt
فلم سازی کی صنعت سے وابستہ بڑی کمپنیاں بشمول ڈزنی، پیراماؤنٹ اور ٹوئنٹتھ سنچری فوکس 2006 سے اس ویب سائیٹ کے خلاف سرگرم عمل تھیں اور مختلف عدالتوں میں اسکے خلاف پائریسی کو فروغ دینے اور قانون شکنی کے مقدمات دائر کررکھے تھے۔

سائیٹ کے مالک گیری فنگ نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ انکی ویب سائیٹ پر تمام غیرقانونی فلموں، گیمزاور گانوں وغیرہ کے ٹورنٹ صارفین فراہم کرتے ہیں، لہذا اس میں انکا کوئی قصور نہیں۔ وہ تو محض ان تمام لنکس کو ایک جگہ اکٹھا پیش کررہے ہیں جو انکی ویب سائیٹ پر ہوسٹ بھی نہیں۔ تاہم عدالت نے اس جواز کو رد کرتے ہوئے فیصلہ صادر کیا کہ ایسی ویب سائیٹ بنانا جو پائریسی کو فروغ دے بذات خود ایک جرم ہے اور امریکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت انہیں DMCA یا کوئی اور قانونی تحفظ حاصل نہیں۔
hunt
گیری فنگ نے عدالت کے اس فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا، تاہم وہ ویب سائیٹ بند اور جرمانہ ادا کرنے پر راضی ہیں، لیکن شاید ہی وہ 110 ملین امریکی ڈالر کی رقم ادا کرپائیں۔ دوسری طرف فلم ساز کمپنیاں ایک مشہور ویب سائیٹ کے بند ہونے پر بہت خوش ہیں۔

گذشتہ چند سالوں کے دوران بڑی کمپنیوں کی جانب سے ٹورنٹس اور غیرقانونی طور پر فلمیں، گانے اور گیمز وغیرہ فراہم کرنے والی ویب سائیٹس کے خلاف مہم کو تیز کر دیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں کے مطابق یہ ویب سائیٹس انکے منافع میں بہت حد تک کمی کا باعث بن رہی ہیں۔ البتہ ماہرین کے مطابق اگر یہ کمپنیاں خود سے فلمیں اور گانے ارزاں داموں تمام ممالک میں فروخت کریں تو پائریسی کو روکنے میں بہت مدد ملے گی کیونکہ اکثر اوقات لوگ ٹورنٹس کا رخ تبھی کرتے ہیں جب انہیں قانونی طریقہ سے رسائی حاصل نہیں ہوتی۔