جدت سے بھر پور انوکھے فیچرز سے مزین Oppo کا نیا سمارٹ فون N1

چین میں سمارٹ فونز بنانے والی دوسری بڑی کمپنی Oppo کی جانب سے حال ہی میں جدید فیچرز سے آراستہ نیا فون N1 متعارف کروایا گیا۔ Oppo کمپنی کے فونز نہ صرف چین بلکہ یورپ اور امریکہ میں بھی بے حد مقبول ہیں، جسکی ایک بڑی وجہ انکی بہترین کوالٹی اور پرفارمنس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر سے سمارٹ فونز کے شوقین افراد اس فون کے متعارف کروائے جانے کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔

oppo-n1-urdu

Oppo کی جانب سے پیش کیا جانے والا یہ نیا سمارٹ فون کمپنی کے تمام فونز سے سائز میں کافی بڑا ہے۔ اس فون کی سکرین کا سائز کم و بیش 5.9 انچ ہے جو IPS پینل سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ فل ہائی ڈیفینیشن ریزولیوشن فراہم کرتی ہے اور اس پر نہ تو سکریچ پڑنے کا ڈر ہے اور نہ ہی سورج کی روشنی اسکی چمک کو مانند کرتی ہے۔ اس فون کی موٹائی 9mm ہے اور اسکی باڈی پلاسٹک سے تیار کی گئی ہے۔ فون میں کوال کام سنیپ ڈریگن 600 پراسیسر، 2 جی بی ریم اور 3610mAh بیٹری نصب ہے۔

پشت پر ٹچ پینل:
اس فون میں کمپنی کی جانب سے بہت سے نئے ،انوکھے فیچرز  اور جدید آپریٹنگ سسٹم بھی متعارف کروایا گیاہے، فون کی پشت پر موجود ٹچ پینل ان میں سے ایک ہے۔ کیونکہ فون کا سائز کافی بڑا ہے اور اسے ایک ہاتھ سے استعمال کرنا تھوڑا مشکل ہوسکتا ہے اسی لیے فون کی پشت پر ایک ٹچ پینل نصب کیا گیا ہے جسکی مدد سے آپ ایک ٹریک پیڈ / ماؤس کی طرح مختلف فنکشنز استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ فیچر خاص طور پر انٹرنیٹ براوزنگ کے لیے بہت کارآمد ہے۔

touch-panel

گھومنے والا کیمرہ:
اس فون میں سب سے انوکھا فیچر گھومنے والا کیمرہ ہے، جی ہاں عام طور پر سمارٹ فونز میں دو کیمرے نصب ہوتے ہیں، پشت کی جانب لگا کیمرہ عام تصاویر اتارنے جبکہ سامنے کی جانب والا کیمرہ ویڈیو چیٹنگ وغیرہ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مگر Oppo نے گھومنے والا کیمرہ متعارف کروا کر دو کیمروں کی ضرورت کو ختم کر دیا ہے۔ 13 میگا پکزل کیمرہ کو 206 ڈگری کے زاویے تک گمایا جاسکتا ہے، اور آپ اسکی مدد سے مختلف زاویوں سے تصاویر اتار سکتے ہیں۔

oppo-n1-swivel-camera

لیکن یہاں یہ سوال جنم لیتا ہے کہ کیا کیمرہ کا یہ ڈیزائن پائیدار بھی ہے؟ کمپنی کا دعوی ہے کہ کیمرہ کو کم و بیش 1 لاکھ بار گھما کر چیک کیا گیا ہے اور اسکی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ لہذا آپ بے خوف و خطر اسے سالوں تک استعمال کر سکتے ہیں۔

آپریٹنگ سسٹم:
این ون سمارٹ فون میں Oppo نے اینڈرائیڈ 4.2.2 پر مبنی نیا ’کلر آپریٹنگ سسٹم‘ متعارف کروایا ہے۔ اس آپریٹنگ سسٹم کی تیاری میں سینکٹروں ڈیویلپرز نے حصہ لیا اور 10 ماہ کی مدت میں اسے تیار کیا گیا ہے۔

color-os
گو کہ اس میں زیادہ کمال تو اینڈرائیڈ کا ہی ہے تاہم کمپنی نے اس میں ٹچ کے بہت سے نئے فیچرز اور لائیو تھیمز شامل کی ہیں جو فون کے استعمال کو پر لطف بنا دیتی ہیں۔

cyanogen

کمپنی کی جانب سے اس بات کا اعلان بھی کیا گیا ہے کہ جلد اینڈرائیڈ کی سب مشہور روم، CyanogenMod کو بھی N1 کے لیے لانچ کیا جائے گا، اور اسکے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں چند ایسے موبائل فونز بھی لائے جائیں گے جن میں پہلے سے ہی CyanogenMod انسٹال ہوگا۔
oppo-design
یہ فون اکتوبر کے وسط تک دنیا بھر کی مارکیٹس میں دستیاب ہوگا، فی الوقت صرف چین میں اسکی بکنگ کی جارہی ہے۔ فون 16 جی بی اور 32 جی بی، دو ورژنز میں دستیاب ہے۔ پاکستانی روپوں میں اس فون کی قیمت کم و بیش 60 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

آپ کو یہ فون اور اسکے انوکھے فیچرز کیسے لگے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔