گوگل نے تمام جی میل صارفین کے لیے نیا Compose ونڈو انٹرفیس جاری کر دیا

گوگل کی جانب سے گذشتہ روز اعلان کیا گیا ہے کہ اب تمام صارفین کے لیے جی میل کے نئے Compose ڈیزائن کا اطلاق کیا جارہاہے۔ جو دوست گوگل کی ای میل سروس استعمال کرتے ہیں وہ جانتے ہونگے کہ جی میل کے انٹرفیس میں بائیں جانب پہلا بٹن نئی ای میل لکھنے یا عرف عام میں Compose کا بٹن ہوتا ہے۔ گذشتہ سال اکتوبر میں گوگل نے روایتی Compose ونڈو کی بجائے Pop-up Compose ونڈو متعارف کروائی۔ یعنی صارفین اپنے ان باکس سے ہٹے بغیر ہی نیا پیغام لکھ سکتے ہیں۔

gmail-compose
گوکہ گوگل کی جانب سے ہمیشہ یہ دعوی کیا جاتا ہے کہ کمپنی اپنی سروسز میں تبدیلی صارفین کی پسندناپسند کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ صارفین کی اکثریت نے گوگل کے اس نئے Compose انٹرفیس کو رد  کر دیا اور واپس پرانے انٹرفیس پر منتقل ہوگئے۔ لیکن ان صارفین کے لیے اب برُی خبر یہ ہے کہ گوگل نے تمام جی میل صارفین کے لیے اس نئے انٹرفیس کا جبری اطلاق کر دیا ہے اور اب آپ پرانے انٹرفیس پر منتقل نہیں ہوسکتے۔ اسی طرح حال ہی میں متعارف کروائے گئے ٹیبڈ ان باکس، جس میں مختلف اقسام کی ای میلز کو مختلف tabs میں دکھایا جاتا ہے اسے بھی صارفین کی پذیرائی نہیں مل سکی۔
inbox
میں گذشتہ 7 سال سے جی میل کی سروس استعمال کررہا ہوں۔ دیگر سروسز کی نسبت گوگل کا انٹرفیس انتہائی سادہ اور عام فہم ہے، یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ دیگر مفت ای میل سروسز جیسے یاہو اور ہاٹ میل (آؤٹ لک) کو چھوڑ کر جی میل پر منتقل ہوئے۔ تاہم حیرانی کی بات یہ ہے کہ اب دیگر کمپنیاں گوگل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انٹرفیس کو آسان بنا رہی ہیں لیکن گوگل اسے مشکل سے مشکل بنانے کے درپے ہے۔

گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس ہفتے کے دوران ہی تمام صارفین کو نئے انٹرفیس پر منتقل کر دیا جائے گا اور یہ تو آپ جانتے ہونگے کی کمپنی کے تمام فیصلے اٹل ہوتے ہیں، لہذا یا تو آپ نئے انٹرفیس کی عادت ڈالیں یا پھر کوئی اور ای میل سروس ٹرائی کیجئے۔