سمارٹ فون صارفین یقیناً مفت کالز اور میسجنگ سروس وائبر کے بارے میں تو ضرور جانتے ہوں گے۔ خوشی کی خبر یہ ہے کہ اب وائبر کی سروس ونڈوز اور میکنٹوش کمپیوٹر صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے۔
اسرائیلی کمپنی وائبر میڈیا کی جانب سے چند روز قبل مشہور VoIP سروس سکائپ کے مقابلے پر وائبر کی کمپیوٹر ایپلی کیشن جاری کی گئی ہے۔ لہذا اب وائبر صارفین نہ صرف سمارٹ فونز بلکہ ڈیسکٹاپ اور لیپ ٹاپ کے ذریعے بھی اپنے دوستوں سے مفت ویڈیو / آڈیو کالنگ اور میسجنگ کر سکیں گے۔
وائبر کا کمپیوٹرورژن بھی بالکل موبائل ہی کی طرح کام کرتا ہے اور اسے چلانے کے لیے موبائل نمبر ایکٹیویشن ضروری ہے۔ وائبر آپ کے دوستوں کی معلومات اپنے سرور پر اپلوڈ کرتا ہے اور پھر جن دوستوں نے وائبر سروس حاصل کی ہو آپ ان سے کسی بھی وقت مفت بات یا میسجنگ کر سکتے ہیں۔
وائبر میڈیا کی جانب سے حال ہی میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ کمپنی کی سروس استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 200 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور اب ڈیسکٹاپ ورژن کی بدولت صارفین کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ وائبر کم و بیش تمام موبائل آپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیاب ہے جن میں آئی او ایس، اینڈرائیڈ، ونڈوز فون اور بلیک بیری نمایاں ہیں۔
وائبر کی جانب سےچند روز قبل موبائل فونز کے لیے بھی نیا ورژن 3.0 جاری کیا گیا ہے جس میں ویڈیو میسجنگ کی سہولت بھی شامل کر دی گئی ہے۔ جبکہ کمپیوٹر ورژن میں آپ بالکل سکائپ کی طرح براہ راست ویڈیو کالنگ بھی کر سکتے ہیں۔
گو کہ وائبر کی سروس کو سمارٹ فونز صارفین کی ایک بڑی تعداد استعمال کرتی ہے، تاہم بہت سے ماہرین اس ایپلی کیشن کی permissions کے حوالے سے کافی شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ یہ ایپلی کیشن آپ کے فون میں موجود تصاویر، ویڈیوز، ایس ایم ایس پیغامات اور آپکے جی میل یا فیس بک اکاؤنٹ کی خفیہ معلومات تک بھی رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ اسی طرح یہ ایپلی کیشن آپکی فون بک کا ریکارڈ بھی اپنے سرور پر محفوظ رکھتی ہے۔
ونڈوز کمپیوٹر کی وائبر ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کرنے لیے یہ لنک فالو کریں۔
میک کمپیوٹر کی وائبر ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے یہ لنک فالو کریں۔
آپ وائبر یا سکائپ میں سے کس سافٹوئیر کو ترجیح دیتے ہیں، اپنے تبصرے سے ضرور آگاہ کیجئے گا۔