ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے حال ہی میں نئے اور ایم این پی صارفین کے لیے ’سم ڈیلیوری سروس‘ کا اجراء کیا گیا ہے۔ اس سروس کے ذریعے اب صارفین ٹیلی نار کی ویب سائیٹ پر نئی سم آرڈر یا اپنا نمبر ٹیلی نار کے نیٹورک میں پورٹ کروا سکیں گے۔ ٹیلی نار کی جانب سے سم صارف کے پتہ پر ارسال کر دی جائے گی۔
سروس کی تفصیلات:
ٹیلی نار کی یہ نئی سم ڈیلیوری سروس فی الوقت 17 بڑے شہروں میں دستیاب ہے۔ اس سروس کے ذریعے آپ ویب سائیٹ پر اپنی پسند کا نمبر منتخب کیجئے (آپ نیا نمبر ٹیلی نار کے کوڈ 0345 میں بھی حاصل کرسکتے ہیں)۔ نمبر منتخب کرنے کے بعد اپنی تفصیلات فراہم کریں جسکے بعد سم 24 گھنٹے کے اندر آپ کے فراہم کردہ پتہ پر بھیج دی جائے گی۔ اسی طرح آپ کسی دوسرے نیٹورک کی سم کو بھی ٹیلی نار پر منتقل کروا سکتے ہیں۔
نئی سم کے چارجز 300 روپے ہونگے جبکہ ڈیلیوری مفت ہوگی۔ سم ڈیلیوری کے وقت آپ سے اصل شناختی کارڈ طلب کیا جائے گا اور آپ کو شناختی کارڈ کی کاپی ڈیلیوری ایجنٹ کے حوالے کرنا ہوگی (کاپی کو کراس کرنا مت بھولیے گا)۔ آپ نئی سم 789 پر کال کر کے ایکٹیویٹ کرسکتے ہیں۔
ٹیلی نار کی اس نئی سروس سے جہاں صارفین کو نیا کنکشن حاصل کرنے میں سہولت ہوگی۔ وہیں کمپنی کی آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ کیونکہ حکومت کے احکامات کے مطابق اب نئی سمیں صرف مجاز سنٹرز پر ہی فروخت کی جاسکتی ہیں جسکی وجہ نئی سمز کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
اس سے قبل زونگ ، یوفون اور وارد کی جانب سے بھی ایسی ہی سروسز متعارف کروائی جاچکی ہیں۔ ٹیلی نار کی اس نئی سروس کے بارے میں جاننے کے لیے یہ لنک ملاحظہ فرمائیں۔