ونڈوز فون 7.8 سے مزین پہلا فون لومیا 505 متعارف: دیگر کے لیے بھی اپڈیٹ جاری

نوکیا کی جانب سے حال ہی میں میکسیکومیں کم قیمت لومیا فون Lumia 505 متعارف کروایا گیا ہے۔ اس فون میں خاص بات یہ ہے کہ یہ مائیکروسافٹ کے ونڈوز فون ورژن 7.8 سے مزین ہے۔

lumia

جی ہاں یہ وہی 7.8 ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم ہے جس کا انتظار دنیا بھر سے لاکھوں صارفین کر رہےتھے۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ونڈوز فون مینگو 7.5 صارفین نئی ورژن 8 پر کبھی بھی منتقل نہیں ہوسکیں گے۔ اب چونکہ مینگو آپریٹنگ سسٹم میں بہت سے خامیاں موجود تھیں اور اب صارفین اسے اپڈیٹ بھی نہیں کرسکتے تو انہوں نے اس کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔ صارفین کی اس پریشانی کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ مینگو سسٹم کی خامیوں کو دور کریں گے اور ایک خصوصی ورژن متعارف کروائیں گے۔ لیکن جناب وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے۔ وقت گذرتا گیا لیکن ونڈوز فون 7.8 کے بارے میں کوئی خبر ہی نہ ملتی۔

لیکن گذشتہ روز نوکیا نے یہ نیا فون متعارف کروا کر سب صارفین کو خوش کردیا۔ مختلف اطلاعات کے مطابق دیگر ونڈوز فون 7.5 سمارٹ فونز جیسے لومیا 800 کے لیے بھی اپڈیٹ جاری کر دیا گیا ہے اور آئیندہ چند دنوں میں تمام صارفین اپنے سمارٹ فونز کو اپگریڈ کر سکیں گے۔

لومیا 800 کا مکمل ری ویو یہاں ملاحظہ کریں

 

نوکیا لومیا 505 کی نمایاں خصوصیات:

  • پراسیسر: 800 میگا ہرٹز
  • ریم : 256 ایم بی اور میموری 4 جی بی
  • سکرین : 3.7 انچ AMOLED جسکی ریزولیوشن 800×400 پکزل ہے۔
  • کیمرہ: پشت کی جانب 8 میگا پکزل
  • ونڈو فون 7.8 آپریٹنگ سسٹم

گو کہ نوکیا کی جانب سے پاکستان میں اس فون کی دستیابی اور قیمت کے بارے میں تو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں لیکن میرے اندازے کے مطابق اسکی قیمت کم و بیش 16 ہزار روپے کے لگ بھگ ہوگی۔ وہ صارفین جن کے پاس لومیا سیریز کے فون موجود ہیں وہ اب اپنے آپریٹنگ سسٹم کے اپ گریڈ کے لیے تیار رہیں۔