جہاں ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے آج کل کالز اور ایس ایم ایس کے نت نئے اور سستے ترین پیکجز متعارف کروائے جارہے ہیں وہیں آئے روزمختلف ناموں سے نت نئے ٹیکس بھی لاگو کیے جارہے ہیں۔
چند ماہ قبل ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ’مینٹینس چارجر‘ کے نام سے ایک نیا ٹیکس لاگو کیا گیا تھا اور اب ہر دو تین ماہ بعد اس میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ یوفون کی جانب سے اپنے صارفین کو مطلع کیا گیا ہے کہ 15 نومبر 2012 سے ہر قسم کے ریچارج پر اضافی 1 فیصد مینٹینس چارجز وصول کیے جائیں گے جو پرانے تمام ٹیکسز کے علاوہ ہیں۔اس نئے ٹیکس کے اضافے سے اب ہر 100 روپے کے ریجارج پر کم و بیش 19 روپے ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جائیں گے۔اور اب شاید دیگر ٹیلی کام آپریٹر بھی جلد ہی اپنے ٹیکس بڑھا دیں۔
ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ٹیکسوں میں اس اضافہ کا مقصد صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی بیان کیا جاتا ہے۔ جبکہ ٹیلی کام سروسز کا معیار آئے روز بدتر ہوتا جارہا ہے اور خاص کر یوفون کے صارفین کو اکثر خراب کال کوالٹی اور ایس ایم ایس کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اس حوالے سے فوری ایکشن لے اور آئے روز بڑھنے والے ان ٹیکسوں پر حد مقرر کرے۔