گذشتہ روز پی ٹی سی ایل کی جانب سے نئی 3G Evo Wingle ڈیوائس متعارف کروائی گئی ہے۔ یقیناً آپ تھری جی ایوو ، نائٹرو اور کلاؤڈ ڈیوائسسز کے بارے میں تو جانتے ہی ہونگے لیکن اب یہ ونگل کیا بلا ہے؟
ونگل دراصل ایک تھری جی ایوو یو ایس بی ڈیوائس ہی ہے جس میں وائی فائی ہاٹ سپاٹ بنانے کی سہولت دستیاب ہے۔ آسان الفاظ میں یوں کہ آپ اس یوایس بی کا انٹرنیٹ 5 دوسرے گیجٹس جیسے اپنے موبائل فون، ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپ وغیرہ پر بھی بذریعہ وائی فائی استعمال کر سکتے ہیں۔
اب یہ ڈیوائس پی ٹی سی ایل کی جانب سے فراہم کیے جانے والی نائٹروکلاؤڈ ڈیوائس اور ٹینڈا سے کیسے مختلف ہے؟ وہ بھی تو وائی فائی ہاٹ سپاٹ کی سہولت فراہم کرتی ہیں ۔ تو جناب فرق صرف اتنا ہے کہ انکا سائز کافی بڑا ہےاور انکے لیے آپ کو چارجر وغیرہ کی ضرورت پڑتی ہے، جبکہ یہ نئی ڈیوائس یو ایس بی سائز کی ہے اور اسے چلانے کے آپ کو چارجر کی ضرورت نہیں بلکہ آپ اسے کسی بھی یو ایس بی پورٹ میں لگا کر استعمال کرسکتے ہیں، جیسے لیپ ٹاپ کے ذریعے یا پھر گاڑی میں ریڈیو یا سگریٹ لائٹر کی جگہ لگا کر۔
ڈیوائس کی قیمت اور پیکجز:
اس ڈیوائس کی قیمت 4000 روپے مقرر کی گئی ہے لیکن پی ٹی سی ایل کی جانب سے یہ ڈیوائس بنڈل پیکج میں بھی فراہم کی جارہی ہے جس میں آپ کو 7500 روپے کی ادائیگی پر ڈیوائس اور تین ماہ کا لامحدود انٹرنیٹ (جسکی حد 100GB ماہانہ ہے) فراہم کیا جائے گا۔ تین ماہ کے بعد چارجز کی تفصیل کچھ یوں ہوگی۔
- ماہانہ چارجز: 2500 روپے
- استعمال کی حد: 100GB جسے تجاوز کرنے پر آپکی انٹرنیٹ سپیڈ 256kbps کر دی جائے گی۔
دیگر پیکجز کی تفصیل کچھ یوں ہے:
پی ٹی سی ایل کی یہ نئی ڈیوائس آپ کو 9.3Mbps تک سپیڈ فراہم کرتی ہے لیکن اگر نائٹرو نیٹورک دستیاب نہ ہو تو اسکی سپیڈ 3.1Mbps پر منتقل ہوجائے گی۔پی ٹی سی ایل کے مطابق کمپنی پاکستان کے 200 سے زائد شہروں میں نائٹرو سروس اور 250 سے زائد شہروں میں ایوو سروس فراہم کررہی ہے۔ مگر دوستو اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے تیز رفتار دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوتے ہیں۔ عام طور پر نائٹرو صارفین کی ڈاونلوڈنگ سپیڈ 4Mbps سے زیادہ نہیں ہوتی جبکہ ایوو صارفین کے لیے یہ 1Mbps ہوتی ہے۔ چونکہ اس سروس میں سپیڈز کو شئیر کیا جاتا ہے لہذا ایک علاقے میں جتنے زیادہ صارفین بیک وقت ایوو سروس استعمال کریں گے آپکی سپیڈ اتنی ہی کم ہوتی جائے گی۔