وزارت داخلہ کے حکم پر لاہور، کراچی، ملتان ، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میں موبائل فون سروس کو آج رات 8 بجے سے کل صبح 11 بجے تک معطل کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عید الفطر کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی کسی بھی کاروائی کو روکنا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے موبائل کمپنیوں کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق مزید علاقوں میں بھی موبائل سروس معطل کی جاسکتی ہے لہذا وہ اس حوالے سے تیار رہیں۔
وزارت داخلہ اور پی ٹی اے کی جانب سے اس اقدام سے صارفین کو ہونے والی پریشانی پر معذرت بھی کی گئی ہے لیکن چونکہ معاملہ قومی سلامتی کا ہے لہذا سروس کو معطل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کیونکہ اکثر دہشت گردی کی کاروائیوں میں موبائل فونز کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
دہشت گردی کی کاروائیاں روکنے کے ساتھ ساتھ اس اقدام کی بدولت ٹیلی کام کمپنیوں اور صارفین کو بھی سکھ کا سانس لینے کا موقع ملے گا۔کیونکہ چاند رات اور عید کے موقع پر صارفین کے جانب سے بے تحاشا ایس ایم ایس بھیجے جاتے ہیں جسکی وجہ سے موبائل نیٹورکس جام ہوجاتے ہیں اور ٹیلی کام کمپنیوں اور صارفین دونوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔