مائیکروسافٹ کی جانب سے گذشتہ روز اپنی ای میل ایپلی کیشن Outlook کو ایک نئے انداز میں متعارف کروایا گیا ہے اور اب ہاٹ میل کی جگہ مائیکروسافٹ نے Outlook.com نامی ویب سائیٹ متعارف کروا دی ہے۔
اس نئی ای میل سروس میں روایتی فیچرز کے ساتھ ساتھ سوشل نیٹورکنگ کو بھی شامل کیاگیا ہے۔مائیکروسافٹ کی اس نئی ای میل سروس کا انٹرفیس ونڈوز 8 کے میٹرو انٹرفیس سے مطابقت رکھتا ہے اور ہاٹ میل کے مقابلے میں یقیناً بہت سادہ اور آسان ہے۔ یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ گوگل میل کے آسان انٹرفیس کی بدولت ہی صارفین کی اکثریت ہاٹ میل اور یاہو کو چھوڑ کر جی میل پر منتقل ہوئی تھی لیکن اب شاید مائیکروسافٹ کو بھی عقل آگئی ہے۔
اس نئی ای میل سروس میں مائیکروسافٹ کی جانب سے گوگل کی طرز کے ٹیکسٹ اشتہارات متعارف کروائے گئے ہیں جو آپکی ای میل کے مواد سے مطابقت رکھتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اشتہارات صرف نیوز لیٹر یا دیگر آفیشل ای میلز پر ہی دکھائے جائیں گے۔Outlook.com آپ کی ای میلز میں سے نیوز لیٹر کی شناخت خود ہی کر لے گی اور آپ کو ان سبسکرائیب کی آپشن بھی فراہم کی جائے گی۔اسی طرح ان باکس میں سویپ آپشن متعارف کروائی گئی ہے جو کہ کسی بھی فرد کی جانب سے بھیجی جانے والی تازہ ای میلز کا ریکارڈ ہی رکھے گی جبکہ پرانی ای میلز کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
نئی ای میل سروس میں سوشل نیٹورکنگ پر خاص توجہ دی گئی ہے اور آپ فیس بک اور ٹوئیٹر وغیرہ سے تازہ ترین معلومات سے آوٹ لک میں ہی باخبر رہ سکتے ہیں۔اسی طرح آوٹ لک سوشل نیٹورکس کی جانب سے بھیجی گئی ای میلز کو علیحدہ فورلڈز میں ترتیب دیتی ہے۔ فیس بک صارفین آوٹ لک کے ذریعے ہی اپنے فیس بک دوستوں سے چیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کے مطابق جلد آوٹ لک میں سکائپ کے فیچرز کو بھی شامل کر دیا جائے گا۔
Outlook.com کے ذریعے آپ مائیکروسافٹ آفس،اور سکائی ڈرائیو کا استعمال بھی کر سکتے ہیں اور کوئی دوسری ایپلی کیشن کھولے بغیر اپنے ان باکس میں ہی ورڈ ، ایکسل اور پاورپوائینٹ وغیرہ پر کام کر سکتے ہیں۔
گو کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ہاٹ میل سروس کو ختم تو نہیں کیا گیا لیکن آوٹ لک متعارف کروانے سے صاف ظاہر ہے کہ اب کمپنی کی بھرپور توجہ اس نئی سروس پر ہی ہوگی۔ موجود ہاٹ میل صارفین باآسانی آوٹ لک پر منتقل ہوسکتے ہیں تاہم انہیں اس بات پر مجبور نہیں کیا گیا اور وہ آوٹ لک پر اپنا پرانا ای میل ایڈریس بھی استعمال کر سکیں گے۔ لیکن کیا آوٹ لک جی میل کی طرح مقبول ہوپائے گی؟ یا پھر ہاٹ میل اور ونڈوز لائیو کی طرح ایک دوسرے درجے کی ای میل سروس ہی رہے گی، اس بات کا فیصلہ تو آپ کریں گے۔