بلیک بیری ایپ ورلڈ اب پاکستان میں بھی دستیاب

متحدہ عرب امارات کی سمارٹ فون کمپنی EMS کے تعاون سے اب پاکستان میں بھی بلیک بیری صارفین کے لیے ، کمپنی کا آفیشل ایپلی کیشن سٹور ’بلیک بیری ورلڈ‘ متعارف کروا دیا گیا ہے۔


اس ایپلی کیشن سٹور کے ذریعے اب پاکستان میں موجود بلیک بیری صارفین  اپنی پسندیدہ  ایپلی کیشنز مفت ڈاونلوڈ یا  اپنے کریڈٹ کارڈ اور پے پال کی مدد سے خرید سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے پاکستان کی ٹیلی کام کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے۔

بلیک بیری کے ایپلی کیشن سٹور میں کم و بیش 70 ہزار سے زائد ایپلی کیشنز موجود ہیں اور دنیا بھر سے روزانہ کم و بیش 6 ملین بار ایپلی کیشنز ڈاونلوڈ کی جاتی ہیں۔ اس ایپلی کیشن سٹور کو سب سے پہلے 2009 میں امریکہ ، کینیڈااور برطانیہ میں متعارف کروایا گیا تھا جو اب 130 ممالک اور14 زبانوں میں دستیاب ہے۔