جیسا کہ ہم نے آپ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹرز کی تصدیق کے لیے متعارف کروائے جانے والے ایس ایم ایس نظام کے بارے میں پہلے بھی آگاہ کیا تھا ، گذشتہ روز اس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس سروس کے ذریعے اب 85 ملین سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے اندراج کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
سروس استعمال کرنے کا طریقہ :
نئی کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں میں اپنا اندراج دیکھنے کے لیے اپنے موبائل فون سے 8300 پر اپنا قومی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر ارسال کریں۔جیسے
3500454565465 اور اسے 8300 پر بھیج دیجئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جلد ہی آپکو اردو زبان میں ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں آپکا شناختی کارڈ نمبر ، انتخابی علاقہ ، بلاک کوڈ اور سیریل نمبر درج ہوگا۔ سروس کے شروع ہونے سے قبل ملنے والی اطلاعات کے مطابق جوابی ایس ایم ایس میں ووٹر کا نام بھی شامل تھا لیکن بعد ازاں ووٹرز کی پرائیویسی کے پیش نظر ایس ایم ایس میں سے نام کو نکال دیا گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سروس کو استعمال کرنے کے چارجز 2 روپے علاوہ ٹیکس ہیں۔ اکثر لوگوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ انہیں کسی نے ایس ایم ایس کیا ہے کہ یہ سروس مفت ہے۔ لہذا یہ بات ذہن میں رکھیں کہ سروس چارجز لاگو ہونگے اور اس بارے میں اپنے دوستوں کو بھی درست معلومات فراہم کریں۔
اگر جوابی ایس ایم ایس میں آپکے اندراج یا انتخابی علاقہ میں کوئی گڑبڑ ہے یا آپ کا اندراج ہی موجود نہیں تو فوری طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کریں تاکہ آپکا اندراج درست کیا جاسکے۔