اوبر نے لاہور کے لیے کرایوں میں 30 فیصد کمی کردی

اوبر نے پچھلے ہفتے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اپنی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا اور حیران کن طور پر کراچی کے لیے کرایہ لاہور کی نسبت کافی کم مقرر کیا گیا۔ تاہم اب لاہوریے بھی خوش ہوجائیں کیونکہ اوبر نے آج سے لاہور کے لیے کرایہ میں 30 فیصد کمی کردی ہے۔

uberlahore

اوبر کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق اب لاہور کے صارفین پہلے سے کم کرایہ میںUberGo کی سروس استعمال کرپائیں گے۔ پالیسی کے تحت اب فی کلومیٹر کرایہ 13.7 روپے کی بجائے 6.84 روپے ہوگا اور پر منٹ چارجز کو 3.7 روپے سےگھٹا کر 3.15 روپے فی منٹ کر دیا گیا ہے۔ تاہم بنیاد کرایہ، کم سے کم کرایہ اور سواری کینسل کرنے کے چارجز وہی ہیں۔

uberlahorenewrates

اوبر پاکستان کے نمائندہ زہیر یوسفی کے مطابق اوبر کی سروس لاہور میں تیزی سے مقبولیت پارہی ہے،  اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گذشتہ ماہ 1000 سے زائد افراد نے اپنی گاڑیاں بطور ٹیکسی سروس استعمال کرنے کی درخواست دی ہے۔ کم کرایہ کی بدولت اب زیادہ سے زیادہ افراد اوبر کی سروسز سے مستفیذ ہوسکیں گے اور ڈرائیور حضرات کو سواری کازیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

ڈرائیور اس سے خوش نہیں ہونگے

تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوبر کی جانب سے کرایہ کم کرنے پر ڈرائیور حضرات کچھ زیادہ خوش نہ ہونگے کیونکہ اوبر کے بزنس ماڈل میں 75 فیصد رقم ڈرائیور کو ملتی ہے جبکہ 25فیصد رقم اوبر کمپنی کے پاس جاتی ہے۔ اب کرایہ کم ہوجانے سے ڈرائیورز کی آمدن بھی کم ہوجائے گی اور انہیں پہلے جتنے پیسے کمانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سواریاں اٹھانا ہونگی۔