کسی بھی سمارٹ فون سے اچھی تصاویر اتارنے کی ترکیبیں

جہاں آج کل کے جدید سمارٹ فونز میں بہت سے نت نئے فیچرز شامل کیے جاتے ہیں وہیں اس بات کا خاص خیال بھی رکھا جاتا ہےکہ اسکا کیمرہ بہترین ہو۔ کم و بیش تمام فونز میں اب بنیادی کیمرہ کے ساتھ ساتھ سامنے کی جانب سیلفی کیمرہ بھی ہوتا ہے۔ اکثر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مہنگے سمارٹ فون کا کیمرہ ہمیشہ اچھی تصاویر ہی اتارے گا اور سستے فونز کا کیمرہ تو بس گذارہ ہی کرتا ہے۔

سب سے پہلے تو یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ فون  میں موجود کیمرہ کے میگا پکزل سے تصویر کی کوالٹی کا کوئی تعلق نہیں ہاں کیمرہ لینز، فوکل لینتھ اور اپرچر وغیرہ تصویر کے معیار پر اثر انداز ضرور ہوتے ہیں تاہم اگر آپ فوٹوگرافی کی بنیادی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں توایک سستے فون کا 5 میگا پکزل کیمرہ سے بھی اچھی تصاویر اتاری جاسکتی ہیں۔

ہماری کوشش ہے کہ اس آرٹیکل میں آپ کو چند ایسی تراکیب بتائی جائیں جسکی مدد سے آپ کسی بھی سمارٹ فون سے اچھی تصاویر لے سکیں

اپنے موبائل فون کیمرہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں:

سب سے پہلے آپ کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ آپ کے موبائل میں موجود کیمرہ کیا کیا فیچرز رکھتا ہے۔ آپ کو اس کی کیمرہ ایپلی کیشن میں موجود تمام فیچرز سے آگاہی ہونا چاہیے تاکہ آپ مختلف قسم کے مواقع پرا ن فیچرز کا استعمال کرسکیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی کیمرہ ایپلی کیشن میں (White Balance) یا (ISO)  کو کنٹرول کرنے کے آپشن موجود ہے تو اسکا استعمال کریں۔

picture

محض کیمرہ کا بٹن کلک کرنے سے اچھی فوٹو نہیں آئے گی۔ اگر آپ بہت زیادہ یا بہت کم روشنی میں تصویر اتار رہے ہیں تو وائیٹ بیلنس اور آئی ایس او کی ترجیحات خود سے منتخب کیجئے۔  اسی طرح اگر اس میں (HDR) یا (Panorama) کے فیچر موجود ہیں تو انکا استعمال موقع کی مناسب سے کیجئے۔

camera-1-itnama

تصویر مکمل تیاری کے ساتھ اتاریں:

بہت سے کم قیمت سمارٹ فونز میں (Image Stabilization) کی سہولت میسر نہیں ہوتی، جسکی وجہ سے اگر تصویر اتارتے ہوئے ہاتھ ذرا سا  بھی ہل جائے تو تصویر دھندلا جاتی ہے۔ اس مسئلہ کا بہترین حل یہ ہے کہ تصویر اتارتے وقت موبائل فون کو دونوں ہاتھوں سے مضبوطی سے پکڑے رکھیں، کوشش کریں کہ آپ تصویر اتارتے وقت ساکت ہوں ۔ اگر شٹر کا بٹن سکرین پر ہے تو سکرین کو ہلکا سا ٹچ کیجئے۔ اکثر فونز میں پاور کی یا پھر والیوم بٹنز سے بھی تصویر اتارنے سہولت ہوتی ہے۔ ٹچ سکرین کی بجائے انہیں استعمال کیجئے  تاکہ فون ہلنے کا ڈر نہ رہے۔اگر آپ کسی انسان  کی تصویر اتار رہے تو  اس بات کاخاص خیال رکھیں کہ آپ اپنے (Subject) سے نہ تو اونچائی پر ہوں اور نہ ہے اس سے نیچے ہوں ۔

camera-4

فلیش لائٹ کا استعمال کم سے کم رکھیں:

آج کل کم و بیش تمام سمارٹ فونز میں ایل ای ڈی فلیش لائیٹ کا استعمال کیا جارہا ہے جوکہ تصاویر کو بہتر کرنے کی بجائے انہیں اکثر خراب ہی کر دیتی ہے۔ دن کے وقت تو فلیش لائٹ کو بالکل بند ہی رکھیں، اس طرح آپ زیادہ تیزی سے تصاویر اتار سکیں گے اور اسکے رنگوں میں بھی فرق نہیں آئے گا۔ اسی طرح اگر آپ کی فلیش لائٹ شیشے یا کسی چمکدار سطح پر پڑے گی تو وہ پوری تصویر کو ہی خراب کردے گی۔

camera-2

رات کے وقت بھی کوشش یہ کریں کہ فلیش لائٹ کے استعمال کی بجائے کمرے میں موجود دوسری لائٹس چلا لیں جائیں، کیونکہ ایل ای ڈی فلیش لائٹ کی حد کافی کم ہوتی ہے اور اسکے لیے آپ کو (Subject) کےقریب جانا پڑے گا اور اکثر اوقات تصاویر میں بہت زیادہ روشنی آجاتی ہے یا پھر چہرے پیلے پیلے سے دکھائی دیتے ہیں۔

flash

زوم مت کیجئے، بلکہ ہائی ریزولیوشن تصویر اتاریں:

تمام سمارٹ فونز میں زوم کا فیچر تو موجود ہوتا ہی ہے، تاہم جب آپ زوم کرکے تصویر اتارے ہیں تو اسکے پکزل پھٹ جاتے ہیں اور تصویر کا مزہ خراب ہوجاتا ہے۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ سمارٹ فونز میں آپٹیکل زوم کی بجائے ڈیجیٹل زوم ہوتا ہے جو تصویر کی کوالٹی خراب کر دیتا ہے۔

photo-zohair

اگر آپ دور سے کسی کی تصویر اتارنا چاہ رہے تو کوشش کریں کہ زوم کی بجائے ہائی ریزولیوشن تصویر اتاریں اور اسے بعد میں (Crop) کر لیں۔ یعنی اگر آپ کا کیمرہ 13 میگا پکزل تصویر اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے تو زوم کیے بغیر تصویر اتاریں اور بعد میں سافٹوئیر کی مدد سے اسے کاٹ لیں اور اپنی پسند کا حصہ منتخب کریں۔ اس طرح تیار کی جانے والی تصویر زوم کی گئی تصویر سے بہتر کوالٹی کی ہوگی۔

photo-zohair-bigbird

سیلفی کے چند اصول:

21 ویں صدی کی ایک بڑی ایجاد سیلفی بھی ہے۔ اب آپ کو اپنی اور دوستوں کی اکھٹی تصویر اتارنے کے لیے کسی اور کی مدد کی ضرورت نہیں بلکہ آپ سامنے کی جانب لگے کیمرے سے (Selfies) اتار سکتے ہیں۔ مگر سیلفی اتارتے ہوئے ان باتوں کا خاص خیال رکھیں۔

  • فون کو اپنے چہرے سے دور رکھیں، یا سیلفی سٹک کا استعمال کریں ورنہ پوری سکرین پر آپ کا منہ ہی نظر آرہا ہوگا۔
  • سیلفی اتارتے وقت اپنے چہرے کو تھوڑا سا گھما لیں اور اس بات خاص خیال رکھیں کہ چہرے پر روشنی ضرور پڑے۔
  • سیلفی اتارتے وقت مسکرائیے یا کوئی اور پوز بنائیں اور بیک گراؤنڈ کا خاص خیال رکھیں۔
  • اگر سیلفی میں زیادہ لوگ شامل کرنے ہوں تو فون کو لینڈ سکیپ انداز میں پکڑیں۔

selfie

ایک ہی تصویر پر اکتفا مت کیجئے:

محض ایک تصویر پر اکتفا مت کیجئے، ایک ہی (Subject) کی تین چار تصاویر اتاریں اور پھر بعد میں ان میں سے بہترین فوٹو منتخب کریں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کسی کی گروپ فوٹو اتار رہے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ اس میں ایک یا دو افراد کی تصویر ٹھیک نہ آئے،لہذا فوٹو اتارتے وقت کیمرہ بٹن تین چار دفعہ دبائیں اور بعد میں بہترین فوٹو محفوظ کر لیں اور خراب فوٹوز کو حذف کردیں۔

multiple-photo

فوٹو ایڈیٹنگ سافٹوئیر کا استعمال کیجئے:

بعض اوقات تصاویر سمارٹ فون کی سکرین پر تو خوب اچھی لگتی ہیں تاہم جب انہیں پرنٹ کیا جائے یا کمپیوٹر سکرین پر دیکھیں تو رنگ پھیکے پڑ جاتے ہیں۔ اسی طرح بعض اوقات تصاویر تو بہترین ہوتی ہیں لیکن اس کوئی چھوٹی سے خامی موجود ہوتی ہے۔ اس مسئلہ کا حل اب بہت آسان ہے۔ ایپل اور اینڈرائیڈ سمارٹ فونز پر بہت سی ایسی ایپلی کیشنز موجود ہے جن کی مدد سے آپ چند منٹوں میں فوٹو ایڈیٹنگ کرسکتے ہیں۔ ایڈوبی Photoshop Express اور Pixlr نامی ایپلی کیشنز اس حوالے سے سرفہرست ہیں۔

editing-tool

فون کے کیمرہ لینز کو صاف رکھیں:

اگر آپ اپنے سمارٹ فون کے کیمرہ لینز کی صفائی کاخاص خیال رکھیں تو نہ تو اس پر سکریچ پڑیں گے اور نہ ہی آپ کی تصاویر دھندلائیں گی۔ آج کل کم و بیش تمام سمارٹ فونز میں سکرین پر گوریلا گلاس یا پھر کوئی اور حفاظتی تہہ لگی ہوتی ہے۔ اسکے علاوہ آپ سکرین پر خو دسے بھی پروٹیکٹر لگا سکتے ہیں، مگر کیمروں پر اکثر ایسی کوئی حفاظتی تہہ موجود نہیں ہوتی۔ اس لیے فون کو اگر میز وغیرہ پر رکھیں تو کوشش کریں کہ اسے الٹا کرکے رکھیں تاکہ سکرین میز کے ساتھ لگے نہ کہ کیمرہ۔

camera-lens

اسی طرح اگر کیمرہ پر چکنے ہاتھ لگ جائیں یا مٹی وغیرہ چپک جائے تو اسے ٹشو سے ہرگز ہرگز صاف نہ کریں بلکہ کوئی ملائم کپڑ ا گیلا کرکے صفائی کیجئے۔ ٹشو میں موجود لکڑی کے چھوٹے چھوٹے ذرات کیمرہ کے لینز کو خراب کرسکتے ہیں۔

امید ہے کہ آپ ان چند تدابیر کو اپنا کر پہلے سے بہترین تصاویر اتار سکیں گے۔ اگر آپ کے ذہن میں بھی اچھی تصاویر اتارنے کے لیے کوئی آئیڈیا ہے تو تبصرے کا فارم استعمال کرتے ہوئے ہمیں اس سے آگاہ ضرور کیجئے۔