نیشنل بینک نے 15000 فٹ کی بلندی پر اے ٹی ایم انسٹال کرکے ریکارڈ بنادیا

نیشنل بینک آف پاکستان نے سطح سمندر سے 15000 فٹ کی بلندی پر اے ٹی ایم مشین انسٹال کرکے ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے قبل دنیا کا سب سے بلند اے ٹی ایم بھارت  میں 13200 فٹ بلندی پر بھارت چین باڈر پر انسٹال کیا گیا تھا۔ نیشنل بینک آف پاکستان  نے یہ اے ٹی ایم پاکستان چین باڈر پر درہ خنجراب کے مقام پر لگایا ہے جس کی بلندی سطح سمندر سے تقریباً 15000 فٹ بلند ہے۔

نیشنل بینک کے مطابق اس اے ٹی ایم مشین کا مقصد پاک چین باڈر سے آنے جانے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر رقم 15000 فٹ بلند ی پر بھی باآسانی حاصل کرسکیں۔

highatm

اے ٹی ایم مشین سال کے 365 دن کام کرے گی

نیشنل بینک نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ اے ٹی ایم مشین کو سال کے 365 دن سروس فراہم کی جائے گی اور خرابی کی صورت میں فوری مسئلہ حل بھی کیا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیئے نیشنل بینک آف پاکستان نے اس اے ٹی ایم مشین کے لیئے اسٹاف بھی رکھنے کا اعلان کیا ہے جو اے ٹی ایم میں پیسے اور سروس کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایم کا بینکنگ نیٹ ورک سے رابطہ بھی قائم رکھے گا۔

اس اے ٹی ایم مشین کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا جو کہ اسی ہفتہ متوقع ہے۔ عوام نے اس بلندی پر اے ٹی ایم لگانے کے خیال کو پسند تو کیا ہے ہی لیکن ساتھ ہی عوام کا خیال یہ بھی ہے کہ اگر نیشنل بینک اپنی سروس کو بھی اتنا ہی بلند بنالے تو اس سے کافی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔