ایپل اور اینڈرائیڈ فونز پر نستعلیق فانٹ شامل کروانے کے لیے ایک پاکستانی کی کاوش

تحریر: کاشف علی

ایک وقت تھا کہ کمپیوٹر اور موبائل پر اردو لکھنے کے لیئے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے تھے۔ آجکل بھی ایسے لوگ جو کوئی خاص ٹیکنکل مہارت نہیں رکھتے ان کے لیئے موبائل پر اردو لکھنا جان جوکھوں کا کام ہے۔

ملیئے ایک ایسے پاکستانی سے جو چاہتا ہے کہ سمارٹ پر بہتر اور خوبصورت اردو کو لکھنا آسان بنایا جاسکے۔ سیلی کان ویلی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز ایپل اور اینڈرائیڈ کی مالک گوگل نے سمارٹ فونز میں استعمال کے لیئے اردو کی بورڈ لے آوٹ متعارت کروا رکھے ہیں۔ جو کہ “نسخ” فونٹ میں اردو لکھ سکتے ہیں۔ لیکن نسخ فونٹ میں اردو لکھنا اور پڑھنا تھؤڑا مشکل تجربہ ہے۔

azeemi

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیئے امریکی پاکستانی مدثر عظیمی نے ایپل کے سی ای او ٹم کک کو خط لکھا اور مختلف فونٹ اور اردو کے لیئے بہتر فونٹ نستعلیق کو آئی فون پر فراہم کرنے کے حوالے سے زور دیا۔ مدثر عظیمی جو کہ امریکہ کے ایک بڑے بنک میں یوزر انٹریکشن مینجر کے طور پر خدمات سرانجام دے ہیں کے مطابق ایپل کے سی ای او ٹم کک کے آفس سے انہیں ایک کال موصول ہوئی جسمیں انکی ای میلز، خطوط اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی کمپیئن کے مطالبے کو مانتے ہوئے آئی فون پر نستعلیق کی بورڈ فراہم کیئے جانے کا وعدہ کیا گیا۔

nastaleeq-iphone

یہ وعدہ رسمی طور پر ایپل کے آپریٹنگ سسٹم نو (آئی او ایس-9) کے تجرباتی ورژن میں پورا کیا گیا لیکن حتمی ورژن میں نستعلیق کی بورڈ کو شامل نہ کیا گیا۔

مدثر عظیمی نے ایپل کے ایپ سٹور آئی ٹیونز پر پہلا اردو کی بورڈ رائٹر “اردو رائٹر” اور بچوں کو اردو سکھانے والا ایپ “الف ب پ” متعارف کروایا تھا اس صورتحال سے تھوڑے مایوس ہیں لیکن اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انکی حالیہ کاوش اینڈرائیڈ کے پلیٹ فارم پر نستعلیق فونٹ متعارف کروانے پر مرکوز ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے گوگل کے سی ای او سندر پجائی اور چیرمین لیری پیج کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔ جسمیں اردو جاننے والے اینڈرائڈ صارفین کے لیئے نستعلیق فونٹ لکھنے والے کی بورڈ متعارف کروائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نستعلیق فونٹ کیوں اہم ہے؟

2010 سے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز پر اردو کی ترویج کے لیئے کام کرنے والے مدثر عظیمی کے مطابق پاکستان اور انڈیا میں چھپنے والی تمام اردو کتب بشمول درسی کتب نستعلیق فونٹ میں ہی چھپتی ہیں۔ اخبارات و جرائد بھی نستعلیق فونٹ ہی استعمال کرتے ہیں کیونکہ اسمیں اردو بہتر اور خوبصورت انداز میں لکھی جاتی ہے۔ جبکہ نسخ فونٹ اردو پڑھنا کوئی زیادہ خوشگوار تجربہ نہیں ہوتا۔

nastaliq-urdu

اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ایک مہم بھی جاری ہے۔ جسمیں آپ بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ اپنی ٹوئیٹ یا فیس بک سٹیٹس میں ہیش ٹیگ #NastaleeqItApple #NastaleeqItGoogle استعمال کریں اور اس مہم میں حصہ لیں۔

نوٹ: ادارے کا مہمان لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، کاشف علی صحافی ہیں۔ ٹیکنالوجی، جدید ٹرینڈز اور انٹرپرنورشپ میں خاص دلپچسپی رکھتے ہیں۔