لینوو نے حال ہی میں ایک کم قیمت 4G سمارٹ فون متعارف کروایا ہے جو فیچرز کے اعتبار سے تو خوب ہے، تاہم اسکی قیمت بہت ہی مناسب ہے۔ ابھی یہ فون پاکستان میں تو دستیاب نہیں لیکن جلد اسے مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
لینوو A6600 پانچ انچ لمبی سکرین اور ہائی ڈیفی نیشن ریزولیوشن سے مزین ہے۔ اس فون میں میڈیاٹیک کا 1 گیگاہرٹز رفتار کا کواڈ کور پراسیسر نصب ہے اور اسکی ریم 1 گیگا بائیٹ ہے۔
اس فون کی سٹوریج میموری 16 گیگا بائیٹ ہے،اور اس میں میموری کارڈ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جسکی حد 128 گیگا بائیٹ ہے۔فون میں سامنے کی جانب 2 میگا پکزل جبکہ پیچھے کی جانب 8 میگا پکز ل کیمرہ کا استعمال کیا گیا ہے۔
لینوو A6600 کی بیٹری 2300 ملی ایمپیئر آور کی ہے جو ایک دن کے استعمال کے لیے مناسب ہے۔ فون میں دوسمیں استعمال کرنے کی سہولت میسر ہے اور یہ تیز رفتار فور جی اور VoLTE نیٹورکس کی سپورٹ بھی رکھتا ہے۔
فون کے فیچرز اچھے اور قیمت بھی مناسب ہے
فون دیکھنے میں کافی مناسب ہے تاہم اسکی باڈی پلاسٹک کی ہی ہے اور اس میں کسی قسم کی دھات جیسے ایلومینم وغیرہ کا استعمال نہیں۔ لیکن اگر قیمت کو دیکھا جائے تو پلاسٹک بھی کچھ خاص برا نہیں۔ فون کی عالمی مارکیٹ میں قیمت محض 100 ڈالر ہےا ور پڑوسی ملک بھارت میں اسے 6600 بھارتی روپے میں بیچا جارہاہے۔
پاکستانی مارکیٹ میں ٹیکس وغیرہ شامل کرکے بھی اسکی قیمت 12 ہزار روپے سے زائد نہ ہوگی، جو کہ ایک فور جی فون کے لیے کافی مناسب ہے۔ کیونکہ پاکستانی مارکیٹ میں اس سے زیادہ قیمت میں تھری جی فونز بیچے جارہے ہیں۔