جاپانی حکومت نے پاکستان کے تین بڑے بین الاقوامی ایئر پورٹس کی حفاظت کے لیے کم و بیش 2 ارب روپے کا سیکیورٹی سازوسامان پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہم کیا ہے جس کی مددسے اسلام آباد،لاہور اور کراچی ایئر پورٹس کے سیکیورٹی اقدامات میں اضافہ کیا جائیگا۔
اس سامان میں دھماکہ خیز مواد کی جانچ ، گاڑی سکین کرنے اور کارگو سامان سکین کرنے کے آلات شامل ہیں۔
جاپانی سفیر کاپورائی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کامیاب سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے سیکیورٹی میں اضافہ ناگزیر ہے اور جاپانی حکومت اس بارے پاکستان کو تعاؤن فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سازو سامان امریکہ، یورپی یونین انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے قائم کئے گئے، عالمی سیکیورٹی معیارسے مطابقت رکھتا ہے اور توقع ہے کہ یہ نہ صرف ان تینوں ایئرپورٹوں پر سیکیورٹی خطرات میں کمی لائے گا بلکہ ان ایئرپورٹوں پرآپریشن میں بھی بہتری کا باعث ہوگا۔
جاپان مزید پراجیکٹس میں بھی پاکستان کی مدد کر رہا ہے
جاپان اس پراجیکٹ کے علاوہ پاکستان کو سیکیورٹی کے شعبے میں مختلف پراجیکٹس پر عملدرآمد کے ذریعے معاؤنت فراہم کر رہا ہے۔ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاپانی ٹیکنالوجی پر مشتمل (Face Recongnition) سسٹم نصب کیے جانے کی منظور ی دی جاچکی ہے، جبکہ بن قاسم اور کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اقدامات کے دیگر پراجیکٹس پر بھی کام ہو رہا ہے۔