ایپل نے ایپ اسٹور کی صفائی کا فیصلہ کرلیا

ایپل نے ایپ اسٹور میں صفائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صفائی کچھ اس طرح ہے کہ جو ایپلی کیشنز صارفین استعمال نہیں کررہے ان کو ختم کردیا جائے گا۔ ایپل نے اس بات کا اعلان ڈویلپرز کو کی گئی ای میل کے ذریعے کیا ہے۔ایپل نے کہا ہے کہ جو ایپلی کیشنز صارفین اب استعمال نہیں کررہے یا جو کافی عرصہ سے کسی نے ڈاؤنلوڈ نہیں کی ہیں ان کو صفائی مہم میں فوری ایپ اسٹور سے ختم کردیا جائےگا۔

اس کے علاوہ ایپل نے ایسی ایپلی کیشنز کو بھی فوری ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ چلانے کے فوراًبعد  کریش کرجائیں۔ مزید ایپل نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اب ایپلی کیشن کا نام 50 حروف سے زیادہ نہیں رکھا جاسکتاہے۔ ڈویلپرز کو نام 50 حروف میں ہی محدود رکھنا ہوگا۔ اس حد سے پہلے ڈویلپرز اپنی ایپلی کیشنز کے نام 50 حروف سے کہیں زیادہ بھی رکھتے تھے جس کی خاص وجہ یہ سمجھی جاتی ہے  کہ اس سے ایپلی کیشن ایپ اسٹور میں زیادہ صارفین تک پہنچ سکتی ہے۔ جبکہ اب یہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

apple-pegasus-malware-spyware

کیا ایپل ایپ اسٹور کی صفائی کرکے اپنا نقصان کررہا ہے ؟

اگر اس سوال کا جواب دیکھیں تو بہتر جواب ہوگا نہیں۔ کیونکہ ایپل ایپ اسٹور کا مقابلہ گوگل پلے اسٹور سے کیا جاتا ہے۔ ایپل ایپ اسٹور نے کافی وقت تک گوگل پلے اسٹور پر ایپلی کیشن کی تعداد میں برتری حاصل کررکھی تھی لیکن اب جبکہ یہ برتری ختم ہوچکی ہے اور گوگل پلے اسٹور پر ایپلی کیشن کی تعداد ایپل ایپ اسٹور سے زیادہ ہے تو ایپل کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ ایپ اسٹور پر ایسی ایپلی کیشن کم ہوجائیں جن کا کوئی فائدہ نہیں ہے، بلکہ ایپل کو اس صفائی کا فائدہ حاصل ہوگا۔

صفائی مہم کا آغاز

ایپل صفائی مہم کا آغاز 7 ستمبر سے کرے گا۔ اس سلسلہ میں جو ایپلی کیشن ڈیلیٹ کی جانی ہو اس کے ڈویلپر کو ای میل کے ذریعے اطلاع کردی جائے گی، ساتھ ہی ای میل موصول ہونے کے 30 دن کے اندر اگر ڈویلپر نے ایپلی کیشن کو اپڈیٹ کرکے ایسا نہیں بنایا کہ صارفین دلچسپی لیں تو وہ ایپلی کیشن حذف کردی جائے گی۔