ٹوئٹر پر مشہور شخصیات کے اکاؤنٹ کو نشانہ بنانے والے گروپ OurMine نے ایک بار پھر کامیابی سے ایک نئے اکاؤنٹ کو نشانہ بنالیا ہے اور اس بار یہ اکاؤنٹ وکی پیڈیا کے شریک بانی جمی ویلز (Jimmy Wales) کا اکاؤنٹ ہے۔
جمی ویلز کے آفیشل اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ کی گئی کہ جمی ویلز کا انتقال ہوگیا ہےاور اس ٹویٹ کے کچھ منٹ بعد ہی ایک اور ٹویٹ کی گئی جس کہ مطابق وکی پیڈیا سب جھوٹ ہے۔
ٹویٹ کے ساتھ ساتھ جمی ویلز کے ٹوئٹر تعارف کو بھی ترمیم کرکے بدل دیا گیا ہے۔ اور موجودہ تعارف کچھ اس طرح ہے “Hacked By OurMine”۔
انٹرنیٹ کی مشہور شخصیات کے اکاؤنٹ ہیک ہونا قابل تشویش ہے
یہ بات قابل تشویش ہے کہ ان حملوں کے پیچھے گروپ OurMine دیگر مشہور شخصیات کے اکاؤنٹ جیسے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، گوگل کے سی ای او سندر پچائی، ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسےاور شریک بانی ایوان ولیمز کو نشانہ بنانے میں بھی کامیابی حاصل کرچکا ہے۔
جمی ویلز نے وکی پیڈیا پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے۔
یہ بات ٹوئٹر کے لیئے بھی تشویش کی حامل ہے کہ ان کو اپنی حفاظت کے لیئے مزید اقدام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہیکنگ کے حملوں سے بچا جاسکے۔