وٹس ایپ کا ڈیٹا اب فیس بک کے ساتھ شیئر ہوگا، مگر گھبرائیے مت

فیس بک نے جب 2014 میں وٹس ایپ کو خریدا تھا تو اس بات کی مکمل یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ نہ تو اس پر اشتہارات دکھائیں گےا ور نہ ہی اسکا بزنس ماڈل میں کسی قسم کی تبدیلی کی جائے گی، بلکہ اسے فیس بک سے علیحدہ رکھا جائے گا۔

مگر وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے، وٹس ایپ کی نئی پالیسی کے تحت اب وٹس ایپ صارفین کا کچھ ڈیٹا فیس بک کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ مگر زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ابھی یہ تمام کام صارف کی مرضی سے سرانجام دیے جائیں گےاور وٹس ایپ نے اس بات کی مکمل یقین دہانی کروائی ہے کہ صارفین کے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز بالکل محفوظ رہیں گی اور انہیں کسی اشتہاری کمپنی کے ساتھ شیئر ہرگز ہرگز نہیں کیا جائے گا۔

whatsapp-data

وٹس ایپ کو صارفین کی پرائیویسی کا مکمل خیال ہے

وٹس ایپ کے مطابق فیس بک کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو نئے دوستوں کی معلومات فراہم کی جاسکیں اور فیس بک پر اشتہارات آپ کی پسند کے عین مطابق ہوں۔ وٹس ایپ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ صارفین کووٹس ایپ پر کسی قسم کے اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے اور انکا وٹس ایپ نمبر یا ڈیٹا بھی اشتہاری کمپنیوں کو فراہم نہیں کیا جائے گا۔

pixlr_20160826175930573

وٹس ایپ نے اس بات کا عندیہ ضرور دیا ہے کہ مستقبل قریب میں بینکوں اور دیگر سروسز کی تفصیل بجائے ایس ایم ایس شاید وٹس ایپ پیغامات کے ذریعے بھیجی جائے مگر اس بات کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے کہ صارفین کے نمبروں پر سپیمنگ ہرگز نہیں کی جائے گی۔

وٹس ایپ نے چار سال میں پہلی بار اپنی پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی کی ہے، تاہم ابھی بھی یہ اختیار صارفین کے پاس ہی ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا فیس بک کے ساتھ شیئر کرنا پسند کریں گے یا نہیں۔ ایک پاپ اپ کے ذریعے صارفین سے پوچھا جائے گا کہ وہ فیس بک کے ساتھ اپنا اکاؤنٹ منسلک کرنا پسند کریں گے یانہیں۔

مزید معلومات کے لیے آپ وٹس ایپ بلاگ دیکھ سکتے ہیں۔

اپڈیٹ:

بہت سی پاکستانی ویب سائیٹس یہ افواہ پھیلا رہی ہیں کہ شاید وٹس ایپ صارفین کے ذاتی پیغامات، گروپس، تصاویر اور ویڈیوز بھی اشتہاری کمپنیوں کو بیچ دے گی۔ مگر حقیقت میں ایسا کچھ نہیں، وٹس ایپ کی پالیسی کے تحت تمام پیغامات انکرپشن سے محفوظ کیے جاتے ہیں اور خود وٹس ایپ انتظامیہ بھی انہیں پڑھنے کی مجاز نہیں۔ لہذا آپ پریشان مت ہوں آپ کے ذاتی پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز بالکل محفوظ ہیں۔