ICANN یا انٹرنیٹ کارپوریشن برائے مختص نام اور نمبرز، ایک ایسا ادارہ ہے جو دنیا بھر میں انٹرنیٹ پروٹوکولز اور ڈومین نیم سسٹم کو چلانے کے امور سرانجام دے رہا ہے۔
یہ ادارہ نہ صرف ڈومینز جیسے ڈاٹ کام، ڈاٹ نیٹ وغیرہ بلکہ انٹرنیٹ پروٹوکولز یعنی IPv4 اور IPv6 کی رجسٹری وغیرہ الاٹ کرنے کا مجاز بھی ہے۔
یوں سمجھیے کہ یہ ادارہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ کو کنٹرول کرتا ہے اور 3.5 ارب افراد جو انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں وہ اسی ادارے کے رحم و کرم پر ہیں۔
اس ادارے کی بنیاد 1998 میں رکھی گئی اور تب سے لے کر آج تک یہ ادارہ امریکی حکومت کے زیر اثر کام کرتا تھا۔ لیکن اب یکم اکتوبر 2016 سے امریکی حکومت اس ادارے کا تمام تر کنڑول ICANN کی نئی انتظامیہ کے سپرد کرنے جارہی ہے جس میں پوری دنیا سے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ماہرین اور حکومتی نمائندے شامل ہونگے۔
امریکہ پر انٹرنیٹ کو اپنے خفیہ مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام
اس تبدیلی سے عام انٹرنیٹ صارف کو تو شاید کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، مگر چونکہ انٹرنیٹ کسی ایک فرد، ادارے یا ملک کی ملکیت نہیں لہذا اب انٹرنیٹ کا کنٹرول بھی تمام دنیا کے پاس ہوگا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی آئی اے کے سابق ایجنٹ اور کمپیوٹر پروفیشنل ایڈورڈ سنوڈن کے انکشافات کے بعد چین اور روس کی جانب سے امریکی حکومت پر کافی دباؤ تھا کہ وہ انٹرنیٹ پر اپنی بالادستی کو ختم کرے اور تمام ممالک کو یکساں حقوق فراہم کیے جائیں۔