ٹوئٹر نے بڑی تعداد میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے اکاؤنٹ بلاک کر دیے

ٹوئٹر نے اپنے بلاگ پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اسکے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم پر 2015 سے لے کر اب تک کم و بیش 360000 ایسے اکاونٹ بند کیے گئے ہیں جو دہشت گردی کو فروغ یا دہشت گردوں کی معاونت کرتے تھے۔

twitter-terrorism

ٹوئٹر کی جانب سے بلاک اور بند کیے جانے والے اکاؤنٹس میں زیادہ تر داعش اور اس سے منسلک افراد ہیں۔ یہ دہشت گرد تنظیمیں ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے پراپوگنڈہ کرتی ہیں اور دیگر ٹوئٹر صارفین کو بھی دہشت گردی اور ان تنظیموں میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے۔

گو کہ ٹوئٹر پر دہشت گردی یا انتہا پسندی پر مبنی ٹوئٹس روکنے کے لیے سافٹوئر الاگرتھم بھی موجود ہیں تاہم بعض اوقات یہ پیغامات دوسری زبانوں میں بھی لکھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے انہیں روکنے کے لیے انسانی مدد درکار ہوتی ہے۔

ٹوئٹر پر اب ایسے اکاؤنٹس روکنے کے لیے ایک بڑی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو دہشت گردی کا پراپوگنڈہ کرنے والے افراد کے اکاونٹس بند کر دے گی۔ اس مقصد کے لیے عام صارفین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کریں۔

دہشت گرد تنظیمیں اب جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے عقائد کا پرچار کررہی ہیں، تاہم ٹوئٹر کے مطابق وہ انکے عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔