پی ٹی سی ایل اب پاکستان کی ان چند بڑی کمپنیوں میں شامل ہوگئی ہے جنہوں نے اپنے ملازمین کے لیے (فیس بک ایٹ ورک) متعارف کروا دیا ہے۔ اس سے قبل ٹیلی نار اور موبی لنک بھی اپنے ملازمین کے لیے یہ سوشل نیٹورکنگ سروس متعارف کروا چکی ہیں۔
فیس بک ایٹ ورک آخر ہے کیا بلا؟
فیس بک ایٹ ورک ایک ایسا نیٹورک ہے جو صرف ایک کمپنی اور اسکے ملازمین تک محدود رہے۔ یعنی اس میں کچھ فیچرز تو فیس بک والے ہی ہیں لیکن اسکے صارفین میں صرف اس کمپنی کے ملازمین شامل ہیں۔ فیس بک کی اس سہولت کے تحت آپ ایک نیا اکاؤنٹ تخلیق کرسکتے ہیں جو آپ کے ذاتی فیس بک اکاؤنٹ سے الگ ہے اور آپ پر اپنی کمپنی کے افراد کو ہی شامل کر سکتے ہیں۔
آپ اسے یوں سمجھیے جیسے یہ ای میل کا ایک متبادل ہے، جہاں تین طرح کے گروپس تشکیل دیے جاسکتے ہیں۔
کھلے گروپس: ایسے گروپس جس میں کمپنی کے تمام ملازمین شامل ہوسکیں اور یہاں پوسٹ کی جانے والی معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں۔
بند گروپس: یہ وہ گروپس ہیں جن میں کمپنی کے صرف چند افراد کو ہی رسائی دی جائے گی۔
خفیہ گروپس: یہ ایسے گروپس ہیں جن کے بارے میں صرف گروپ ممبران ہی جانتے ہیں اور اس میں داخل ہونے کے لیے ایڈمن کی اجازت ضروری ہے۔
عام فیس بک کے مقابلے میں آپ کو کسی دوسرے فرد کو فرینڈ ریکیوسٹ نہیں بھیجنی بلکہ آپ محض اسے فالو کرکے تمام اپڈیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔
فیس بک ایٹ ورک ابھی محض چند سو کمپنیوں کے لیے دستیاب ہے اور ابھی فیس بک کی جانب سے اسکے کوئی چارجز بھی نہیں، لیکن بہت جلد فیس بک کمپنیوں کو چارج کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈینئل رٹز نے فیس بک ایٹ ورک کی دعوت تمام پی ٹی سی ایل ملازمین کو بھیج دی ہے، اور انہیں امید ہے کہ اس کے ذریعے تمام ملازمین بہتر طور پر مسائل کا حل تلاش کرپائیں گے اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جاسکے گی۔