سمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی اوپو نے پاکستان میں اپنا نیا فلیگ شپ سمارٹ فون F1s لانچ کردیا ہے۔ اس فون کی قیمت 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ پاکستان بھر میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔
اوپو کو پاکستان میں آئے اب دو سال کا عرصہ بیت چکا ہے، تاہم کمپنی آج بھی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی تگ و دو میں مصروف ہے۔ گو کہ اب سمارٹ فون کے دلدادہ افراد کے لیے اوپو کا نام تو نیا نہیں، تاہم وہ ابھی بھی اوپو کے مقابلے میں سام سنگ یا ہواوے کو فوقیت دیتے ہیں۔
شروع میں اوپو نے پاکستانی مارکیٹ میں چند اچھے سمارٹ فونز تو لانچ کیے تاہم انکی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی تھیں اور اب اوپو کے فونز کچھ حد تک مناسب قیمت کے ہیں لیکن ان فیچرز کچھ زیادہ خاص نہیں۔
اوپو F1s کیسا ہے؟
اوپو نے اس سال اپنی روایتی، فائنڈ سیریز، آر سیریز اور نیو سیریز کو چھوڑ کر زیادہ میگا پکزلز والے کیمرہ سے مزید ایف سیریز کا آغاز کیا ہے۔ اوپو F1s اس سیریز کا تیسرا فون ہے۔ اوپو کی کوشش ہے کہ وہ مارکیٹ میں اچھے کیمرہ فون کا مقام حاصل کرلے۔
F1s بنیادی طور پر اوپو F1 کا ہی ایک نیا ورژن ہے جس میں فنگر پرنٹ سنسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اسکی سکرین اور بیٹری کا سائز بڑھا دیا گیا ہے۔
فون کی خاص بات اس کا 16 میگا پکزل فرنٹ کیمرہ ہے، جو کہ اوپو کے سافٹوئیر Beautify 4.0 کی مدد سے آپ کی سیلفیز کو زیادہ جاذب نظر اور دلکش بناتا ہے۔
اوپو کا دعوی ہے کہ یہ فون دنیا کے بہترین سیلفی کیمرہ سے مزین ہے، تاہم نہ تو اس میں فلیش لائٹ موجود ہے اور نہ ہی آٹو فوکس کی سہولت۔
اسی طرح فون کی بیٹری تو اچھی خاصی بڑی ہے تاہم میں اوپو کی تیز ترین چارجنگ VOOC کی سہولت میسر نہیں۔ جسکی بدولت صارفین موبائل کو آدھ گھنٹے میں چارج کرسکتے تھے۔
اوپو کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نام بدل بدل کر ایک ہی طرح کی فون لانچ کرنے سے کمپنی کی مقبولیت میں کمی واقع ہوگی، جبکہ اسے چاہیے کہ اپنے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پہلے کی طرح صارفین کے لیے نت نئے فیچرز سے مزین فون متعارف کروائے۔
F1s کے نمایاں فیچرز:
- ایلومینئم ڈیزائن اور 2.5D گوریلا گلاس 4 سکرین
- 5.5 انچ کی آئی پی ایس ڈسپلے 720p ریزولیوشن
- 64 بٹ میڈیاٹیک اوکٹاکور پراسیسر
- 3 گیگا بائیٹ ریم اور 32 گیگا بائیٹ میموری
- 128 گیگا بائیٹ تک میموری کارڈ کی سہولت
- ڈؤل سم، فور جی ایل ٹی ای نیٹورک سپورٹ
- 16 میگا پکزل فرنٹ اور 13 میگا پکزل بیک کیمرہ، فلیش لائٹ
- تیز رفتار فنگر پرنٹ سکینر
- کلر آپریٹنگ سسٹم 3.0 اور اینڈرائیڈ لالی پاپ 5.1
- وائی فائی، بلیوٹوتھ اور او ٹی جی کی سہولت
- 3075 ملی ایمپیئر آور بیٹری