پاکستان میں 63 فیصد سے زائد موبائل فون صارفین اب تھری و فور جی پر، موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 3.3 Mbps

کم و بیش 3 سال کی تگ و دو کے بعد پاکستان میں سال 2014 میں موبائل فون صارفین کے لیے تھری جی اور فور جی سروسز کا آغاز کیا گیا۔ اس وقت پاکستان کی پانچوں موبائل فون کمپنیاں صارفین کو تھری و فور جی کی بدولت تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ اور اچھی کوالٹی کی وائس سروسز فراہم کرہی ہیں۔

دنیا بھر سے موبائل فون کمپنیوں کی پرفارمنس جانچنے والے ریسرچ ادارے OpenSignal نے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی ہے، جسکے مطابق پاکستان کے 63.47 فیصد موبائل صارفین اب تھری جی سروسز یا اس بہتر فور جی استعمال کررہے ہیں۔

Pakistan-3g-users

اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تھری جی و فور جی صارفین کو اوسطاً 3.3 میگا بٹ فی سیکنڈ کی انٹرنیٹ سپیڈ میسر ہے، جو کہ خطہ میں موجود باقی ممالک کی نسبت کافی کم ہے۔

اس رپورٹ میں تھری جی اور فور جی سروس کے اصل استعمال کی معلومات نہیں بلکہ اسکا مطلب یہ ہے کہ صارفین کو تھری جی یا فور جی سروس مہیا کی جارہی ہے یا نہیں۔ مثلاً اگر آپ کے فون پر تھری جی کے سگنل آرہے ہیں تو آپ کو تھری جی صارف کے طور پر شامل کیا جائے گا۔

pakistan-3g-speed

اسی طرح اگر کسی ملک میں تیز رفتار فور جی انٹرنیٹ تو فراہم کیا جارہا ہے لیکن اس کا دائرہ کار محدود ہے تو انٹرنیٹ کی اوسط رفتار قدرے کم ہوگی۔

جنوبی کوریا سب سے آگے

تھری و فور جی کی دستیابی اور اوسط رفتار کے حوالے سے جنوبی کوریا پہلے نمبر پر ہے، جہاں کم و بیش 99 فیصد موبائل صارفین کے پاس تیزرفتار موبائل کنکشن موجود ہے اور انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 41 میگا بٹ فی سیکنڈ سے زیادہ ہے۔

اس رپورٹ میں صارفین کے وائی فائی کے استعمال کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جسکے مطابق پاکستان صارفین دن کے ایک تہائی اوقات میں وائی فائی نیٹورک سے منسلک رہتے ہیں۔

OpenSignal کی اس رپورٹ کی تیاری کے لیے یکم مئی 2016 سے 23 جولائی 2016 تک دنیا کے تمام ملکوں سے لاکھوں  صارفین اور موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، اس مکمل رپورٹ کو دیکھنے کے لیے اس لنک پر کلک کیجئے۔