سیکیورٹی ریسرچرز کی ایک ٹیم نے حال ہی میں ایپل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس میں ایک ایسی خامی دریافت کی ہے جس کی بدولت ہیکرز باآسانی کسی بھی آئی فون صارف کا تمام تر ڈیٹا حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکی کالز اور سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں۔
ریسرچ کے مطابق ہیکرز اسرائیلی کمپنی کا ایک سپائی ویئراستعمال کرتے ہوئے کسی بھی آئی فون یا آئی پیڈ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ اسرائیلی کمپنی کا یہ ٹول جسے Pegasus کے نام سے جانا جاتا ہے عام طور پر بڑے سرکاری عہدہ داروں، اہم شخصیات یا دہشت گردوں کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب یہ ٹول دنیا بھر کے صارفین کی جاسوسی میں استعمال ہورہاہے۔
اس سپائیویر کو پہچاننا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے
ریسرچرز کے مطابق یہ سپائی وئیر نہ تو اضافی بیٹری خرچ کرتا ہے اور نہ ہی موبائل نیٹورک پر ڈیٹا کی ترسیل، جسکی بدولت صارف کو پتہ ہی نہیں چل پاتا کہ اسکا موبائل اور تمام ڈیٹا ہیک ہوچکا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس خامی کا عملی ثبوت ملا ہے ورنہ اسے ہمیشہ ایک من گھڑت بات ہی سمجھا جاتا تھا۔
وہ تمام صارفین جنہوں نے ابھی تک اپنے آئی فون یا آئی پیڈ کو اپڈیٹ نہیں کیا اور آئی او ایس 9.3.4 استعمال کررہے ہیں، وہ اسکا نشانہ بن سکتے ہیں، یا پہلے ہی بن چکے ہیں۔
ایپل کے مطابق وہ سیکیورٹی کمپنیوں کے ساتھ مل کرکام کررہی ہے اور آئی او ایس کا سیکیورٹی اپڈیٹ جاری کردیا گیا ہے۔ لہذا تمام آئی فون اور آئی پیڈ صارفین اپنی حفاظت کے لیے سافٹوئیر کو جلد سے جلد اپڈیٹ کر لیں۔