چینی کمپنی ویوو کے حوالے سے کافی عرصہ سے یہ افواہیں گردش میں ہیں کہ کمپنی بہت جلد شیشے کی طرح شفاف (ٹرانسپرنٹ) فون بنانے کے درپے ہیں۔ اسی حوالے سے کمپنی نے چینی سوشل نیٹورک ویبو پر ایک تصویر شائع کی ہے جس میں ماڈل نے ایک شفاف فون پکڑا ہوا ہے۔
قیاس یہ ہے کہ کمپنی بہت جلد X7 کے نام سے ایک فون متعارف کروانے جارہی ہے جس کے آر پار دیکھا جاسکے گا۔ تاہم سوال یہ ہے کہ کیا ایسا فون بنانا ممکن ہے؟
شفاف فون کے بارے میں انٹرنیٹ پر بہت سے خاکے اور خیالی تصاویر دیکھی جاسکتی ہیں۔ اسی طرح ہالی ووڈ کی فلموں میں مارول کا سپرہیرو آئرن مین بھی اکثر شفاف فون استعمال کرتا دکھایا گیا ہے جو دیکھنے میں محض شیشے کا ایک ٹکڑا لگتا ہے۔ ممکن یہ کہ فون کا ایک حصہ شفاف ہو جس کے اس آر پار دیکھا جاسکے کیونکہ مکمل طور پر شفاف فون بنانا ابھی کافی مشکل نظر آتا ہے۔
خیال کیا جارہا ہے کہ کمپنی یہ فون اگلے ماہ لانچ کرے گی۔ یاد رہے کہ ویوو، اوپو اور ون پلس ایک ہی ادارے کی ذیلی کمپنیاں ہیں۔