سماجی روابط کی ویب سائیٹ ریڈ اٹ کے ایک صارف نے انکشاف کیا ہے کہ گوگل جلد ہی اپنے کروم آپریٹنگ سسٹم میں اینڈرائیڈ ایپلیکیشنز اور گوگل پلے کو متعارف کروا رہا ہے۔ گوگل کا کروم آپریٹنگ سسٹم لنکس پر مبنی ہے جو کہ صارفین کا ڈیٹا کلاؤڈ پر محفوظ رکھتا ہے۔
کروم او ایس کے ورژن 51 میں پلے سٹور اور اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز کا کوڈ تو شامل کردیا گیا ہے تاہم ابھی اسکا استعمال صارفین کے لیے میسر نہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ برس کروم براؤزر میں اینڈرائیڈ ایپلیکیشنز چلانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ ARC یعنی ایپ رن ٹائم فار کروم کی بدولت ڈیویلپرز کروم براؤزر پر اینڈرائیڈ کی بیشتر ایپلیکیشنز کو چلا سکتے ہیں۔
کروم صارفین یقیناً کافی عرصے سے اس فیچر کے انتظار میں تھے کیونکہ کروم او ایس کی ویب ایپلیکیشنز کی تعداد انتہائی مختصر ہے جبکہ اسکے مقابلے میں گوگل پلے سٹور پر لاکھوں ایپلی کیشنز موجود ہیں۔ لیکن ابھی وثوق سے یہ بات نہیں کہی جاسکتی ہے کہ اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز کروم او ایس پر بھی اسی رفتار اور بغیر کسی کی خلل کے چلیں گی یا نہیں۔