30 کروڑ صارفین کے ساتھ انسٹاگرام نے ٹوئٹر کو پیچھے چھوڑ دیا

instagram-300m

آن لائن موبائل فوٹو و ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ اور سوشل نیٹورک، انسٹاگرام کے بارے میں تو یقیناً سبھی دوست جانتے ہونگے۔ اس سروس کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیوز کو انسٹاگرام، فیس بک ٹوئٹر اور دیگر سوشل نیٹورکس پر شیئر کرسکتے ہیں، تاہم اسکی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کی تصاویر چوکور ہوتی ہیں اور آپ ان پر بہت سے فلٹرز لگا سکتے ہیں۔

انسٹاگرام سروس کا آغاز اکتوبر 2010 میں کیا گیا اور 2012 میں جب اسکے صارفین کی تعداد 10 کروڑ کے قریب تھی تو اسے فیس بک نے ایک ارب ڈالر کے عوض خرید لیا۔

حال ہی میں انسٹاگرام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سروس کے ایکٹیو صارفین کی تعداد اس وقت 30 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ جس کے نتیجے میں اب انسٹاگرام، حریف کمپنی ٹوئٹر سے آگے نکل گئی ہے۔ فی الوقت ٹوئٹر کے ایکٹیو صارفین کی تعداد کم و بیش 28 کروڑ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق انسٹاگرام صارفین روزانہ 7 کروڑ تصاویر اپلوڈ کرتے ہیں اور کم و بیش 2.5 ارب تصاویر کو لائیک کیا جاتاہے۔ سروس کے آغاز سے اب تک صارفین کم وبیش 30 ارب تصاویر انسٹاگرام پر اپلوڈ کرچکے ہیں۔ یہاں یہ بات انتہائی دلچسپی کی حامل ہے کہ دیگر سوشل نیٹورکس کے مقابلے میں انسٹاگرام صارفین کی بڑی تعداد امریکہ کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیاہے کہ فیس بک کی طرز پر مشہور افراد، اداکاروں، سیاستدانوں اور برانڈز کے لیے Verified Badges کا آغاز کیا جارہا ہے، جسکی بدولت بوگس اور جعلی اکاؤنٹس کو بڑی حد تک ختم کیا جاسکے گا۔

کیا آپ انسٹاگرام کی سروس استعمال کرتے ہیں؟ اگر نہیں تو اینڈرائیڈ صارفین یہ ایپلیکیشن اس ربط سے حاصل کریں، جبکہ آئی فون صارفین اس لنک پر جائیں۔