دبئی میں منعقد ہونے والی GITEX Technology Week 2014 نمائش کے دوران، وارد ٹیلی کام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں اسکے فور جی نیٹورک کی تنصیب کا کام الیکٹرانک آلات اور سروسز فراہم کرنے والی مشہور کمپنی ایریکسن کے سپرد کیا گیا ہے۔
وارد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر منیر فاروقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
وارد جلد پاکستان میں سب سے بہتر فور جی ایل ٹی ای نیٹورک لانچ کرنے جارہا ہے اور اسکے لیے ایریکسن نے ہمیں جدید اور بے مثال ٹیکنالوجی سروس فراہم کیں ہیں۔ ایریکسن کے ساتھ ہمارا کافی پرانا ساتھ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
اس تقریب میں وارد فور جی ایل ٹی ای کے مستقبل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ وارد ٹیلی کام کے چیف فنانشل آفیسر، طارق گلزار کے مطابق ایل ٹی ای سروس کی فراہمی کے لیے وارد نے ابھی تک 100 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اگلے پانچ سال کے دوران ابوظہبی گروپ اسے مزید 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وارد ٹیلی کام کی جانب سے ملک میں فور جی سروس کی ٹیسٹنگ کا آغاز کیا جاچکا ہے اور تمام وارد ملازمین کو فور جی سمز فراہم کردی گئیں ہیں۔ وہ صارفین جن کے پاس فور جی سمارٹ فونز ہیں انہیں بھی کال کرکے سم انکے گھر پہنچانے کا عندیہ دیا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اس ماہ کے اختتام تک عام صارفین اس سروس سے مستفید ہوسکیں گے۔