گوگل نے اینڈرائیڈ کا نیا ورژن، لولی پوپ 5.0 جاری کردیا

lollipop

گوگل نے گذشتہ روز اپنے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کا نیا ورژن “لولی پوپ” جاری کردیا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ جون میں اس کا ایک پری ویو جاری کیا گیا، جسے اینڈرائیڈ L کا نام دیا گیا تھا، تاہم گوگل کی جانب سے میٹھے میٹھے نام رکھنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اینڈرائیڈ کے اس ورژن کا نام بچوں کے من پسند لولی پوپ پر رکھا گیا ہے۔

گوگل کے دعوی کے مطابق اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ کے بعد لولی پوپ 5.0 میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں ہیں اور وہ صارفین جو ابھی جیلی بین یا پھر کٹ کیٹ استعمال کررہے ہیں انہیں یقیناً یہ نیا ورژن بہت پسند آئے گا۔

اینڈرائیڈ لولی پوپ میں سب سے زیادہ تبدیلی اسکے انٹرفیس میں کی گئی ہے، گو کہ یہ دیکھنے میں پچھلے ورژن، کٹ کیٹ سے کافی مشابہت رکھتا ہے تاہم گوگل کے نئے “میٹریل ڈیزائن” نے اس میں کافی نکھار پیدا کیا ہے۔

سب سے نمایاں تبدیلی اسکے مینو آئیکونز میں تبدیلی اور نئی سٹیٹس بار ہیں۔ اسی طرح نوٹیفیکشنز کے سسٹم اور ملٹی ٹاسکنگ مینو میں بھی کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پچھلے ورژنز کے مقابلے میں اب سٹیٹس بار کا رنگ ایپلی کیشن کے ساتھ تبدیل ہوتا ہے، اسکے ساتھ ساتھ اس میں دکھائے جانے والی ٹوگل بٹنز کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور آپ بہت سے فنکشنز جیسے وائی فائی، بلیوٹوتھ اور فلیش لائٹ کو  باآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ لولی پوپ میں نوٹیفیکشنز کے نظام کو بہت بہتر بنایا گیاہے، آپ اب ایس ایم ایس پیغامات اور اپنی ای میلز کو جواب لاک سکرین سے بھی دے سکتے ہیں۔ ایک نیا فیچر یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ اگر آپ کوئی ایپلی کیشن یا گیم کھیل رہے ہوں اور اس دوران کال یا ایس ایم ایس آجائے تو سسٹم آپ کو آپشن فراہم کرے گا کہ آپ گیم کھیلتے رہیں یا پھر کال سن لیں۔

لولی پوپ میں گوگل کے نئے میٹریل ڈیزائن کا استعمال کیا گیاہے، جسکی بدولت ملٹی ٹاسکنگ کے فیچر کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ اب آپ ایک ہی ایپلی کیشن کی مختلف ونڈوز کو ملٹی ٹاسکنگ مینو میں منتخب کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اس ورژن میں موجود تمام گوگل ایپلی کیشنز کو نئے انٹرفیس سے مطابقت دی گئی ہے، اور تو اور اب آپ گوگل کے وائس اسسٹنٹ کا استعمال لاک سکرین سے بھی کرسکتے ہیں۔ بس OK Google کہیں اور فون آپ کی آواز پہچان کر حکم بجا لائے گا۔

گوگل کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے تحت اینڈرائیڈ 5.0 لولی پوپ میں بیٹری پرفارمنس پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ بیٹری کو جلد ختم کرنے والے فیچرز جیسے وائی فائی اور بلیوٹوتھ میں بہتری لائی گئی ہے اورپرانے ورژنز کی نسبت اب صارفین زیادہ بیٹری ٹائم حاصل کرسکیں گے۔ اسی طرح نئے ورژن میں خاص بیٹری سیونگ فیچر شامل کیا گیا ہے جو بیٹری ختم ہونے کے قریب ایکٹیویٹ ہوکر آپ کو ڈیڑھ گھنٹہ اضافی بیک اپ فراہم کرتا ہے۔

nexus lollipop
گوگل کی جانب سے لولی پوپ کی ریلیز کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی تاریخ فراہم نہیں کی گئی تاہم گوگل کی نئی ڈیوائسز نیکسس 6 اور نیکسس 9 پر یہ ورژن پہلے سے ہی انسٹال ہوگا۔ اسکے علاوہ بہت جلد نیکسس 4 ، 5، 6 ،7 اور 10 صارفین کو بھی یہ اپڈیٹ فراہم کردیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ دیگر سمارٹ فونز بنانے والی کمپنیاں جیسے سام سنگ، ایچ ٹی سی اور ہواوے بھی اگلے سال کے آغاز تک اپنے سمارٹ فونز کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم جاری کردیں گے۔
اس ورژن میں گوگل کے نئے ART اینڈرائیڈ رن ٹائم کا استعمال کیا گیا ہے اور کمپنی دعوی کے مطابق یہ اینڈرائیڈ کے پرانے ورژنز سے 4 گنا زیادہ تیز ہے۔ اسی طرح اس میں 64-bit چپ سیٹ کی سپورٹ بھی شامل کی گئی ہے اور گوگل کی تمام ایپلی کیشنز کے 64-bit ورژن بھی جاری کیے گئے ہیں۔

اینڈرائیڈ لولی پوپ 5.0 کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ لنک ملاحظہ کیجئے۔