انسٹاگرام کیا ہے؟ اور کیا اسکی مدد سے ویڈیوز پر بھی فلٹر لگائے جاسکتے ہیں

instagram

آپ میں سے اکثر دوست انسٹاگرام کے بارے میں تو جانتے ہی ہونگے، اور جنہیں معلوم نہیں انہیں بتاتا چلوں کہ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کی اس مشہور زمانہ سروس کا آغاز 2010 میں کیا گیا۔ عام سوشل نیٹورکس کے مقابلے میں انسٹاگرام کی خاص بات یہ کہ صارفین فوٹوز پر فلٹرز لگا سکتے ہیں اور یہ تصاویر چوکور شکل میں ظاہر ہوتی ہیں۔

2012 میں اس سروس کو فیس بک نے خرید لیا، تاہم اسے فیس بک میں ضم نہیں کیا گیا اور ایک علیحدہ ایپلی کیشن کے طور پر ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فی الوقت انسٹاگرام ایپلی کیشن آئی او ایس، اینڈرائیڈ اور ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیاب ہے اور ایک اندازے کے مطابق اسکے صارفین کی تعداد 200 ملین کے قریب پہنچ چکی ہے۔

insta2
انسٹاگرام کی سب سے خاص بات اسکے فلٹرز ہیں، جن کی مدد سے آپ اپنی تصاویر میں نکھار پیدا کرسکتے ہیں۔ یہ فلٹرز تصویر کے رنگوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو یہ اختیار دیتے ہیں کہ تصویر کو پرانے زمانے کے کیمروں سے مطابقت دی جائے۔ مختلف رنگوں کے امتزاج سے کسی بھی تصویر کو چند سکینڈوں میں بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

filters
اسی طرح یہ فلٹرز ویڈیو پر بھی لگائے جاسکتے ہیں تاہم ویڈیو کا دورانیہ 15 سیکنڈ سے زیادہ نہیں ہوسکتا ہے، اور آپ عام ویڈیو کے ساتھ ساتھ Time-lapse ویڈیوز بھی تخلیق کرسکتے ہیں۔

ٹوئٹر کی طرز پر آپ انسٹاگرام پر دوستوں کو فالو بھی کرسکتے ہیں اور اس ایپلی کیشن کے ذریعے تصاویر کو فوری طور پر فیس بک، ٹوئٹر، ٹمبلر اور بہت سے دیگر سوشل نیٹورکس پر شیئر بھی کیا جاسکتا ہے۔