سوشل میڈیا ماہر، ونچینزو کوسنزا کی جانب سے ہر 6 ماہ بعد دنیا بھر میں استعمال کیے جانے والے سوشل میڈیا نیٹورکس کا نقشہ پیش کیا جاتا ہے۔ جس میں الیکزا کی رینکنگ کے تحت مختلف ممالک میں زیادہ استعمال ہونے والی سماجی روابط کی ویب سائیٹس کی تفصیل پیش کی جاتی ہے۔
جولائی 2014 کے تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق اس وقت، الیکزا 137 ممالک کا ڈیٹا جمع کرتی ہے اور اس میں سے 130 ممالک میں فیس بک کی سروس سر فہرست ہے۔
ونچینزو کے مطابق 2009 کے آخر تک، فیس بک کی سروس صرف امریکہ اور یورپ میں ہی مقبول تھی، تاہم تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ماسوائے روس، چین اور ایران کے، کم و بیش بقیہ تمام ممالک میں فیس بک نے دیگر نیٹورکس کو بچھاڑ دیا ہے۔
پڑوسی ملک ایران میں اس وقت فیس نامہ جبکہ چین میں Qzone پسندیدہ سوشل نیٹورکس ہیں۔ روس میں V Kontakte اور Odnoklassniki نے ابھی تک فیس بک کو آگے بڑھنے سے روکا ہوا ہے۔ تاہم خیال یہی ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں چین کے علاوہ بقیہ تمام ممالک میں ہی فیس بک کا راج ہوگا۔