گیجٹس کے حوالے سے پیش گوئیاں اور انٹرنیٹ لیکس فراہم کرنے والے مشہور ٹوئٹر اکاؤنٹ @evleaks کے بانی و منتظم ایون نیلسن بلاس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ لیکس کا یہ سلسلہ بندکرنے لگے ہیں۔
جو دوست @evleaks کے بارے میں نہیں جانتے انہیں بتاتا چلوں کہ ایون نوکیا، سام سنگ، ایچ ٹی سی اور دیگر بہت سی کمپنوں کے موبائل، ٹیبلٹس اور کمپیوٹرز کے بارے میں بہت سی درست پیش گوئیاں اور پراڈکٹ لانچ سے قبل ہی اسکی تصاویر لیک کرچکے ہیں۔
دو سال کے قلیل عرصہ میں evleaks نے ٹوئٹر پر بے پناہ مقبولیت حاصل کی، اس وقت ایون کے فالورز کی تعداد کم و بیش 2 لاکھ کے قریب ہے اور دنیا کے تمام ٹیکنالوجی بلاگز میں کم از کم ایک خبر ایسی ضرور ہے جس میں evleaks کا ذکر ہو۔
All good things must come to an end. Thank you for an amazing two years. [RETIREMENT]
— Evan Blass (@evleaks) August 3, 2014
ایون نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ آمدن کی کمی اور اپنی بیماری کو قرار دیا ہے۔ ایون کے مطابق گذشتہ دو سالوں کے دوران انہوں نے کافی شہرت تو حاصل کی تاہم انہیں دیگر بلاگرز کی طرح لاکھوں کروڑوں روپے کمانے کا موقع نہیں ملا۔ اب انکی کوشش ہے کہ وہ کوئی ایسا کام شروع کریں جس سے وہ اپنا علاج بھی کروا سکیں اور مستقبل میں انہیں کسی سے پیسے مانگنے نہ پڑیں۔