گوگل سرچ کے 5 انتہائی سود مند فیچر، جن سے صارفین کی اکثریت لاعلم ہے

آج کم و بیش تمام انٹرنیٹ صارفین Google کے بارے میں جانتے ہی ہیں۔ 1996 میں ایک ریسرچ پراجیکٹ کے طور پر شروع کی جانے والی یہ ویب سائیٹ آج دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے اور اسکے مقابلے کا کوئی سرچ انجن موجود نہیں۔

google-main
وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ گوگل نے اپنی ویب سائیٹ میں بیش بہا تبدیلیاں کی ہیں اور آپ کسی خاص موضوع پر تلاش کے ساتھ ساتھ اب گوگل سرچ کو اپنی روز مرہ زندگی میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ آج میں آپ کو گوگل سرچ کے 5 ایسے فیچر بتانے جارہا ہوں جن کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں، تاہم مجھے امید ہے کہ یہ آپ کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہونگے۔

موسم کا حال:
جی ہاں اپنے شہر، گاؤں یا قصبہ کے موسم کا حال جاننے کے لیے اب آپ کو ٹی وی سے چپکے رہنے کی ضرورت ہرگز نہیں، بس گوگل کھولیے اور وہاں اپنے شہر کا نام لکھ کر موسم کی معلومات حاصل کرلیجئے۔ مثلاً اگر میں لاہور کے موسم کے بارے میں جاننا چاہ رہا ہوں تو میں گوگل پر Lahore Weather لکھوں گا اور جواب میں گوگل مجھے نہ صرف اس دن کے بارے میں موسم کی تمام پیش گوئیاں بتا دے گا، بلکہ اگلے پورے ہفتے کا ڈیٹا بھی میرے سامنے سکرین پر موجود ہوگا۔

weather
گوگل ڈکشنری:
انگریزی زبان کے کسی بھی مشکل لفظ کا معنی جاننے کے لیے اب آپ کو پرانی اور بوسیدہ ڈکشنریاں کھنگالنے کی ضرورت ہرگز نہیں، اور نہ ہی اس مقصد کے لیے کسی ویب سائیٹ کو بک مارک کرنا ضروری ہے، بس گوگل پر اس لفظ کے بارے میں لکھیں اور آپ کو اسکا معنی،گرامر  اور بولنے کا طریقہ سب کچھ فراہم کردیا جائے گا۔ نہ صرف یہ بلکہ اس سے ملتے جلتے اور اسکے متضاد الفاظ بھی آپ کی سکرین پر دکھائے جائیں گے۔

dictionary
مزید یہ کہ آپ کو اگر اس لفظ کے صحیح ہجے، نہیں بھی آتے تو کوئی بات نہیں، جیسے ہی آپ وہ لفظ لکھنا شروع کریں گے گوگل اسے خود ہی پورا کردے گا۔

گوگل کیلکیولیٹر:

کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے اگر آپ کو اعدادوشمار کو ضرب یا تفریق دینے کی ضرورت پڑے تب بھی گوگل کے پاس اسکا آسان حل موجود ہے۔ بس سرچ باکس میں Calculator ٹائپ کیجئے اور لیجئے گوگل کا کیلکیولیٹر آپکے تمام مسائل کا حل لیے موجود ہے۔

وہ دوست جنہیں ارب یا کھرب کے صفر یاد نہیں رہتے انکے لیے اسکا آسان حل بھی موجود ہے، آپ کسی بڑی رقم کو ضرب یا تقسیم کرنے کے لیے لفظوں کی شکل میں بھی اپنا مدعا بیان کرسکتے ہیں۔ مثلاً what is 1 million divided by 200.

calcu
کرنسی کنورٹر:
اگر آپ ڈالر کی قیمت پاکستانی روپوں میں جاننا چاہتے ہیں یا پھر دنیا کی کسی بھی کرنسی کا مقابلہ اپنے روپے یا دیگر کرنسیوں سے کرنا چاہتے ہیں تو اسکا حل بھی گوگل کے پاس موجود ہے۔ گوگل پر جاکر محض currency converter لکھ دینے سے آپ کے سامنے یہ ایپلی کیشن کھل جائے گی، یاپھر کچھ اسطرح بھی سرچ کرسکتے ہیں، USD to PKR

currency
ٹائم زون:
کسی بھی ملک کے باسیوں کو اپنے ملک کے وقت کے بارے میں تو اندازہ ہوتاہی ہے، مثلاً آپ گھڑی دیکھے بغیر بھی بتا سکتے ہیں کہ اس وقت صبح، دوپہر یا شام کونسا وقت ہے۔ تاہم کسی دوسرے ملک کے وقت کے بارے میں جاننااور گھنٹے آگے پیچھے کرنا، بعض اوقات کافی مشکل کام معلوم ہوتا ہے۔

اس پریشانی کا حل بھی گوگل کے پاس موجودہے، آپ دنیا کے کسی بھی ملک یا شہر کے وقت کے بارے میں جاننے کے لیے گوگل کی مدد لے سکتے ہیں۔ مثلا اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ اس وقت آئرلینڈ میں کیا وقت ہوگا تو گوگل کی سرچ بار میں Time Ireland ٹائپ کیجئے اور سسٹم آپ کو آئرلینڈ کا وقت اور تاریخ سب بتا دے گا۔

time
امید ہے کہ آپ کو گوگل کے یہ فیچرز ضرور پسند آئے ہونگے اور آپ نہ صرف خود ان سے فائدہ اُٹھائیں گے بلکہ اپنے دوستوں کو بھی انکے بارے میں بتائیں گے، اور اگر آپ مزید ایسے سود مند اور انوکھے فیچر کے بارے میں جانتے ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر ضرور کیجئے گا۔